فلمسازوں کو کشمیر کی خوبصورتی پر توجہ دینی چاہیے

سرینگر//معروف فلم اداکار جان ابراہم نے کہا ہے کہ فلمسازوں کو چاہیے کہ وہ کشمیر کی سیاست کے بجائے یہاں کی خوبصورتی اور مثبت پہلوئوں پر توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ فلمسازوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ یہ بات یقینی بنائیں کہ فلموں میںیہاں کی مثبت صورتحال کی عکاسی ہو۔انہوں نے کہا کہ کشمیردنیا کی ایک خوبصورت جگہ ہے اور لازمی ہے کہ اسے اچھے طریقے سے دکھایا جائے ۔جان ابراہم نے کہا کہ میں نے کشمیر کے بارے میں بہت کچھ پڑھا ہے اور 1947سے کشمیر کی تاریخ سے واقف ہوں۔جان نے کہا کہ مجھے یہاں کی صورتحال کا علم ہے ،مجھے سب سمجھ آتاہے ۔مجھے سیاسی عمل کی بھی سمجھ  ہے ،کشمیرکی سیاست پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے فلم سازوں کو یہاں کی خوبصورتی پر توجہ دینی چاہیے ۔ہمیں یہاں کے تہذیب وتمدن کو فروغ دینا چاہیے۔جان ابراہم نے نامہ نگاروں کو گلمرگ میں بتایاکہ بحیثیت ایک فلم پروڈیوسر کے وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کشمیر کومثبت طور پردہ پر دکھایا جائے۔جان ابراہم ان دنو ں جاسوسی فلم  ("RAW"),رومیواکبروالٹرکی شوٹنگ کررہے ہیں۔اس فلم میں جیکی شروف بھی کام کررہے ہیں۔45سالہ اداکار نے سیاحوں سے بھی کہا کہ وہ کشمیر کی خوبصورتی کو دیکھیں اور یہاں کے تنائوکو پس پشت ڈالیں ،جس سے کہ عوام میں منفی سوچ پیدا ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ کشمیر ایک خطرناک جگہ ہے ،لیکن میں اس وقت گلمرگ میں ہوں اوریہاں کی خوبصورتی سے لطف اندوزہورہا ہوں۔یہ ایک خوبصورت جگہ ہے ۔ہر سیاح کو یہاں آنا چاہیے اور یہاں کی خوبصورتی کانظارہ کرنا چاہیے۔ انہیں اس جگہ کی تشہیر بھی کرنی چاہیے۔ اداکار نے شجرکاری کی مہم میں بھی حصہ لیا اور سینٹ میری چرچ کے چاس ایک پودا لگایا۔جان نے یہاں جنگلات کے بے تحاشہ کٹائوپر بھی فکرمندی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں شجرکاری کی مہم کا حصہ بننا چاہیے گے۔انہوں نے ریاستی حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ یہاں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہترین جگہ ہے لیکن یہاں سڑکوں اور دیگر ڈھانچے کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ڈائریکٹر ٹورازم جو جان ابراہم کے ساتھ پودا لگانے کے وقت تھے،نے کہا کہ حکومت ذیادہ سے زیادہ فلمسازوں کو کشمیر کی جانب راغب کرنے کی لئے کوششیں کررہی ہیں تاکہ کشمیر کے بارے میں منفی امیج کو دور کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ مزید فلم سازکشمیر اپنی فلموں کی عکس بندی کیلئے آرہے ہیں اور محکمہ سیاحت انہیں ہر قسم کی سہولیات فراہم کررہا ہے۔