سرینگر//گورنر کے مشیر کیول کمار شرما نے ای آر اے کو ہدایت دی ہے کہ وہ جہانگیر چوک۔رام باغ فلائی اؤر کو اس سال ماہ مئی تک مکمل کرے۔مشیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار کل یہاں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لینے کے دوران کیا۔ڈاکٹر راگھو لنگر سی ای او جے اینڈ کے ای آر اے نے اس موقعہ پر تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ53 سب پروجیکٹوں میں سے43 پروجیکٹ مکمل کئے گئے ہیں جبکہ10 سب پروجیکٹوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ راولپورہ۔ چھانہ پورہ واٹر ڈرنیج پروجیکٹ پر 99 فیصد پیش رفت حاصل کی گئی ہے اور2 بڑے پمپ سٹیشنوں کو پہلے ہی مکمل کیا گیا ہے۔اسی طرح اتھواجن میں واٹر ڈرنیج سب پروجیکٹ کا76 فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے۔تفصیلات دیتے ہوئے سی ای او ای آر اے نے کہا کہ جہانگیر چوک۔ رام باغ فلائی اؤر پر84 فیصد پیش رفت حاصل کی گئی ہے اور فلائی اؤر کا باقی ماندہ کام مئی2019 تک مکمل کرنے کی ٹھیکہ دار کو ہدایت دی گئی ہے۔مشیر موصوف نے ای آر اے کو ہدایت دی کہ وہ غیر اطمینان بخش کارکردگی دکھانے والے ٹھیکہ داروں کو بلیک لسٹ کریں۔انہوں نے کہا کہ اس فلائی اؤر پروجیکٹ پر ہورہے کام میں سرعت لائی جانی چاہئے تا کہ اسے ماہ مئی تک مکمل کیا جاسکے۔انہوں نے ہدایت دی کہ دیگر فلائی اؤروں اور عوامی نوعیت کے پروجیکٹوں کو وقت پر مکمل کیا جانا چاہئے بصورت دیگر عمل آوری ایجنسیوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے کسی بھی لیت و لعل کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔بعد میں کے۔ کے شرما نے جہانگیر چوک۔ رام باغ فلائی اؤر اور ٹی آر سی میں گریڈ سیپریٹر کا دورہ کر کے کام کا جائیزہ لیا۔