فقہ جعفریہ کے معززین کیساتھ ایس ایس پی کا اجلاس

پونچھ// ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمار نے انجمن جعفریہ پونچھ کے عہدے داران کے ساتھ ایک اہم اجلاس اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں منعقد کیا، جہاں انھوں نے محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس میٹنگ میں اے ایس پی لیاقت چوہدری، ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر نواز چوہدری بھی موجود رہے۔ اس دوران ضلع بھر کی انجمنوں کے عہدیداران نے محرم الحرام میں منعقد ہونے والی مجالس عزاء اوربرآمد ہونے والے جلوس ہائے عزا کی تفصیلات اور ان کے روٹ کے حوالے سے ایس ایس پی پونچھ اور افسران کو بتایا۔ انہوں نے مجالس عزا اور جلوسہائے عزا کے دوران کڑے حفاظتی انتظامات کرنے کی اپیل۔تمام شرکاء نے ایس ایس پی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ پولیس کا پورا تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے جو بھی ہدایات دی جائیں گی تمام انجمنیں ان پر پورا عمل کریں گی۔ تمام شرکاء کو بغور سننے کے بعد ایس ایس پی پونچھ اور اے ایس پی پونچھ نے تمام شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس اہم اجلاس میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔جلوس کے راستوں پر سخت سکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے دوران جلوسوں کے داخلی اور خارجی راستوں، گھروں کی چھتوں پر پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ ٹریفک کے بہاؤ کیلئے موثر انتظامات کیے جائیں اور جلوس ہائے کے روٹس کی چیکنگ بذریعہ ٹیکنیکل آلات سے کروائی جائے گی۔ اس موقع پر الحاج سید شبیر حسین جعفری  الحاج محمد بشیر میر، اعجاز رسول میر، سید سلیم حسین جعفری، ڈاکٹر امیر حسین جعفری، الحاج کفایت حسین بانگن، لیاقت حسین صفوی، مشتاق حسین پانڈے، نصرت حسین شاہ،سید عظمت حسین جعفری، سید سخی حیدر کاظمی،الحافظ انتظارحسین صوفی، الحاج جعفر علی ونتو،سید زیارت حسین شاہ، سید نذیر حسین شاہ، سیدمنیر حسین شاہ، الحاج فدا حسین بانڈے،ایڈوکیٹ افتخار علی بزمی، سید مشکور حسین شاہ اور احتشام حسین  بٹ نے شرکت کی۔