ہیگ// فضائی حدود پر پابندی کہ معاملے پر سعودی عرب، بحرین، مصر، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مقابلہ میں قطر کے موقف کی عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے ) نے تائید کردی۔ خیال رہے کہ قطر کی ایئر لائن کو 3 سال سے اپنے چاروں پڑوسی ممالک کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے ۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق عالمی عدالت انصاف کے صدر نے کہا کہ 'بین الاقوامی سول ایوی ایشن کے فیصلے کے خلاف بحرین، مصر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی اپیل مسترد کی جاتی ہے '۔عدالت نے کہا’’یہ معاملہ انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) کے دائرہ اختیار میں آتا ہے‘‘۔خیال رہے کہ آئی سی اے او نے 2018 میں فیصلہ دیا تھا کہ فضائی خودمختاری کے معاملہ پر قطر اور دیگر فریقین کے مابین جھگڑا ختم کرنا آئی سی اے او کے دائرہ اختیار میں آتا ہے ۔دوسری جانب چاروں اتحادی ممالک نے آئی سی اے او کے فیصلہ کو مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ وہ آئی سی اے او سے اتفاق نہیں کرتے اور مذکورہ ادارہ کی جانب سے فیصلہ صریحاً غلطی پر مبنی ہے جہاں فریقین کو صحیح طرح نہیں سنا گیا۔