فضائیہ کے دو کمانڈروں کو شوریہ چکر ۔ 6کو بہادری کے تمغوں سے نوازا گیا

 یو این آئی

نئی دہلی// صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے یوم آزادی کے موقع پر فضائیہ کے دو کمانڈروں کو شوریہ چکر اور چھ کو وایو سینا میڈل (بہادری کے ایوارڈ ) سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر وی ڈی کیانے اور پائلٹ سکواڈرن لیڈر دیپک کمار کو شوریہ چکر سے نوازا جائے گا۔ اس کے علاوہ پائلٹ، ونگ کمانڈر جسپریت سنگھ سندھو، پائلٹ، ونگ کمانڈر آنند ونائک آگاشے، پائلٹ، اسکواڈرن لیڈر مہی پال سنگھ راٹھور، فلائٹ گنر، سارجنٹ اشونی کمار، گروڈ کمانڈو، جونیٔر وارنٹ آفیسر وکاس راگھو اور پائلٹ، ونگ کمانڈر اکشے ارون مہالے کو وایو سینا میڈل (بہادری) دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

گزشتہ سال 24 جولائی کو جب ونگ کمانڈر کین جیگوار لڑاکا طیارہ اڑا رہے تھے تو اس کے دونوں انجن خراب ہو گئے۔ اس قسم کی صورتحال عام طور پر کبھی نہیں ہوتی۔ پائلٹ نے تحمل، سمجھداری اور ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے بائیں انجن کو بند کیا اور طیارے کو دائیں انجن پر اتارنے کی کوشش کی۔ جب ان کا طیارہ 2500 فٹ کی بلندی پر گورکھپور کے ایک گنجان آباد علاقے میں تھا تو اس کا انجن رک گیا، اس پر پائلٹ نے عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بائیں انجن کو اسٹارٹ کرنے میں کامیابی حاصل کی اور طیارے کو آبادی سے دور لے گیا۔ اپنی مہارت سے وہ قومی اثاثہ طیارے کے ساتھ ساتھ زمین پر جان و مال کے نقصان کو بچانے میں کامیاب رہے۔اسکواڈرن لیڈر دیپک کمار گزشتہ سال 25 اگست کی رات ایک ٹرینی پائلٹ کے ساتھ کرن طیارے کی تربیتی پرواز پر تھے۔ پرندے سے ٹکرانے کے بعد طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی۔ا سکواڈرن لیڈر کمار نے اپنی مہارت اور ذہانت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف قومی اثاثے کے طیارے کو رن وے پر بحفاظت اتارا بلکہ جان و مال کے نقصان سے بھی بچایا ۔