فصلوں کے نقصان کا جائزہ لیا گیا

 تھنہ منڈی // سب ڈویڑن تھنہ منڈی میں ممبر ڈسٹر کٹ ڈیو لپمنٹ کونسل عبدالقیوم میر اور دوسرے عہدیداروں نے حلقہ پنچایت منیال ، عظمت آباد و دیگر ملحقہ پنچایتوں میں گزشتہ دنوں مکئی کی فصل کو ہوئے نقصان کا جائزہ لیا گیا۔اس سلسلہ میں ڈی ڈی سی ممبر کے ساتھ متعلقہ پنچایتوں کے پنچ اور سرپنچوںنے کئی علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ڈی سی ممبر نے کہا کہ اس علاقے میں مکانات ، سڑکوں، راستوں اور زمینوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جس کی بھرپائی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں جو پورے خطہ میں ہوئے نقصان کا صحیح تخمینہ لگا کر اپنی رپورٹ پیش کریں گی۔ ممبر موصوف نے کسانوں کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ان کی ہرممکن معاونت کی جائے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شاون اور محکمہ زراعت کے اعلی افسران سے بات ہوئی ہے البتہ اس سلسلے میں بہت جلد اعلیٰ حکام کو تحریری طور پر بھی لکھا جائے گا۔ غور طلب ہے کہ سب ڈویڑن تھنہ منڈی کے مختلف علاقوں میں حالیہ دنوں ہوئی شدید بارشوں و آندھی طوفان کی وجہ سے فصلوں کے ساتھ ساتھ سڑکوں ،راستوں،مکانوں اور زمینوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جس کے بعد کسانوں اور دیگر متاثرین کی جانب سے نقصان کے سلسلہ میں ریلیف اور معقول معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔متاثرین نے بی ڈی سی ممبر اور دوسرے عہدیداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے نقصانات کی بھرپائی کی جائے گی۔ ادھر حلقہ پنچایت کھنیال کوٹ کے سرپنچ منشی خان ، حلقہ پنچایت برہون درہ عقیل احمد ،سرپنچ منگوٹہ ممتاز چوہدری , حلقہ پنچایت الال زیب النساء ، الال مختار چوہدری اور حلقہ پنچایت ڈھوک مقصود بیگم نے بھی ڈپٹی کمشنر راجوری اور محکمہ زراعت کے اعلی افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ اس علاقے میں بھی ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی ٹیمیں بھیجی جائیں تاکہ برموقع نقصان کا صحیح تخمینہ لگا کر یہاں کے غریب عوام کی معاونت کی جا سکے۔