فسطائی طاقتیں کشمیریوں کے قتل عام پر خوش:یاسین ملک

 سرینگر// لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا کہ وادی میں معصوموںکا قتل عام جاری ہے اور ماہ رمضان میں اس بدترین قتل و غارت کا بازار اور بھی گرم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کی حمایت اور ایماء پر کام کرنے والی فسطائی طاقتیں ماہ رمضان میں کشمیریوں کے خون کی ہولی کھیلنے میں مصروف ہیں اور اس قتل عام سے یہ لوگ کسی کی تکلیف سے لطف اندوز(Sadistic Pleasure)ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کل شام عین افطار کے وقت فورسز نے بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے معصوم نصیر احمد کو رنگریٹ میں قتل کردیاجبکہ آرونی کے مقام پردو معصوم نوجوانوں کو تہہ تیغ جبکہ کئی درجن کو پیلٹ اور بلٹ مار کر زخمی کردیا گیا ہے اور کئی مکانات کو بھی زمین بوس کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک جانب بھارت کی خونی فوجیں اور فورسز کشمیریوں کے قتل عام میں منہمک ہے جبکہ دوسری جانب این آئی اے دہشت گردی،جی ایس ٹی اقتصادی جارحیت جیسے نت نئے حربے بھی آزمائے جارہے ہیں تاکہ کشمیریوں کی مزاحمت کو ختم کیا جاسکے، کشمیریوں کی مزاحمتی قیادت کو بدنام کیا جاسکے اور کشمیریوں کی اقتصادی زندگی کو بھی تباہ کردیا جائے۔جے کے ایل ایف چیئرمین نے کہا کہ قتل و غارت کا یہ سلسلہ،گرفتاریاں،خانہ نظربندیاں،این آئی اے دہشت گردی،جی ایس ٹی اقتصادی جارحیت اور ایسے ہی دوسرے استعماری حربے کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو ختم یا کمزور نہیں کرسکتے نا ہی یہ حربے ہمیں اپنی مبنی بر حق جدوجہد آزادی سے باز رکھ سکتے ہیں اور ان تمام استعماری حربوں کے باوجود ہماری تحریک ہر حال میں حصول منزل مقصود تک جاری رہے گی۔