فروغ ہنرمندی محکمے میں خالی 419اسامیاں ،بھرتی اداروں کو ریفر | سکل ڈیولپمنٹ سروس ضابطوں کے مسودے کو حتمی شکل دی گئی:سامون

جموں// محکمہ سکل ڈیولپمنٹ  419 خالی پڑی گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے جموں و کشمیر یو ٹی کی بھرتی ایجنسیوں کو ریفر کیا گیاہے ۔ اس  بات کا اظہار سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے افسران کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت  کرنے کے دوران کیا ۔ میٹنگ میں بھرتی عمل کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے علاوہ سکل ڈیولپمنٹ سروس رولز کے مسودے کو حتمی شکل دی گئی ۔  ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سجاد حسین گنائی ، سیکرٹری جے کے ایس ایس بی سچن جموال ، ایڈیشنل سیکرٹری ایس ڈی ڈی ، ڈپٹی سیکرٹری اے آر آئی ، ، ڈپٹی سیکرٹری جی اے ڈی ، ڈپٹی سیکرٹری محکمہ خزانہ ، محکمہ قانون کے نمائندے اور متعلقہ محکموں کے دیگر اعلیٰ افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے محکمہ سے متعلق تمام قواعد و ضوابط کو جلد حتمی شکل دینے پر زور دیا تا کہ اسامیاں تیزتربنیاد پر پُر کی جائیں ۔ مختلف افسران نے بھرتی ایجنسیوں کی جانب سے بھرتی عمل میں سرعت لانے کیلئے اپنی آراء اور مشورے پیش کئے ۔ بعد میں آئی ٹی آئی ایمپلائیز یونائیٹڈ فرنٹ جموں و کشمیر کے ریاستی صدر نذیر احمد مولوی کی سربراہی میں ایک ٹیم نے پرنسپل سیکرٹری سے ملاقات کی اور مطالبات کی ایک یاداشت پیش کی جس میں بین الاقوامی سطح پر ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ کی سفارش پر عمل درآمد اور پیشہ وارانہ انسٹریکٹر کے عہدوں میں تبدیلی ، نئے ترقی یافتہ افسران کی تعیناتی ، کنٹریکچول اور مستقل ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے علاوہ ڈی پی سی کی میٹنگیں  مستقل بنیادوں پر منعقد کرنا شامل ہے ۔ ڈاکٹر سامون نے ٹیم کو یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مسائل پرہمدردانہ غور کیا جائے گا اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔