جموں//جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرغلام احمد میر نے ریاست کے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ فرقہ پرست عناصر کی مذموم چالوں سے ہوشیار رہیںاور ریاست کے صدیوں پرانے بھائی چارے کی قدروں کو بنائے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ہی واحد ایسی سیکولر سیاسی جماعت ہے جس نے فرقہ پرست قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور ریاست اور ملک میں سیکولرازم ، سوشلزم اور جمہوریت کو مضبوط بنانے میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس ان فرقہ پرست قوتوں کے ساتھ ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور نہ ہی ملک کو ان کے رحم و کرم پر چھوڑے گی ۔ پی سی سی چیف نے ان خیالات کااظہار کوٹ میرا (کھوڑ) میں کانگریس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس ریلی کا اہتمام سابق نائب وزیر اعلیٰ تارا چند نے کیا تھا ۔ جن دیگر لیڈروں نے اس ریلی سے خطاب کیا ان میں نوانگ ریگزن جورا ، پی سی سی کوٹریجرررجنیش شرما ، جنرل سیکرٹری ایس ایس چنی، سابق وزیر چودھری گھارو رام، ونود شرما ، نریندر شرما ، ہری سنگھ چب وغیرہ شامل ہیں۔کانگریس ریاستی صدرنے کہاکہ تاریخ شاہد ہے کہ کانگریس نے اقتدار کے حصول کے لئے کبھی بھی فرقہ پرست قوتوں کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ آئندہ کرے گی ۔ انہوں نے ریاست کے لوگوں سے کہا کہ وہ مذہب ، خطہ اور ذات پات کے نام پر سیاست کرنے والوں سے خبر دار رہیں جو کہ اپنے حقیر مفادات کی خاطر عوام کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کرتے ہیں۔
فرقہ پرست قوتوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا:میر
