فرقہ پرست عناصرحکومت کوگمراہ کرنے کیلئے کوشاں:ٹرائبل کوآرڈی نیشن کمیٹی

جموں//آل ٹرائبل کوآرڈی نیشن کمیٹی نے کہاہے کہ فرقہ پرست طاقتیں خانہ بدوش گوجربکروالوں کے مسائل سے متعلق حکومت کوگمراہ کررہی ہیں۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران آل ٹرائبل کوآرڈی نیشن کمیٹی کے چیئرمین طالب چوہدری نے کہاکہ کچھ فرقہ پرست عناصر گوجربکروال طبقہ پرسرکاری اورجنگلاتی اراضی پرغیرقانونی قبضوں کاالزام لگاکرحکومت کوگمراہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مفادخصوصی عناصرسماج کوتقسیم کرنے کے مختلف حربے اپنارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ غلط بیان بازی سے عوام اورحکومت کوگمراہ نہیں کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے حکومت کوتحقیقات کروانی چاہیئے کہ سرکاری زمینوں پرکن لوگوں نے قبضہ کیاہواہے۔انہوں نے کہاکہ تحقیقات کی رپورٹ سے دودھ کادودھ اورپانی کاپانی ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ سرکاری اراضی پرمخصوص طبقے کے ہی لوگوں کاقبضہ نہیں ہے لیکن فرقہ پرست عناصر گوجربکروالوں کوہی نشانہ بنارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم آرٹی آئی کے تحت تفصیلات حاصل کرکے مفادخصوصی رکھنے والے عناصرکوبے نقاب کریں گے اوراس بات کاانکشاف کریں گے کہ سرکاری اراضی پرکن لوگوں نے قبضہ کیاہواہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ تمام سرکاری اور جنگلاتی اراضی پرکن لوگوں کاقبضہ کی تفصیلات حکومت کوشائع کرنی چاہئیں ۔انہوں نے کہاکہ جولوگ فرقہ پرستی کوہوادے رہے ہیں ان کے منصوبوں کوکامیاب نہیں ہونے دیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم مخصوص طبقے کونشانہ بناکر سرکاری اراضی سے قبضہ چھڑانے کی مہم کی مخالفت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کوسرکاری اراضی پرقبضہ سے متعلق تفصیلات عوام کے سامنے رکھنی چاہیئیں تاکہ حقائق منظرعام پرآسکیں۔ اس دوران پریس کانفرنس میں نزاکت کھٹانہ نے کہاکہ وزیرجنگلات نے بنی بسوہلی میںمسلمانوں کی ملکیت زمینوں پرقبضہ کیاہواہے۔انہوں نے کہاکہ آصفہ قتل معاملے کوفرقہ ورانہ رنگت دینے والوں اورفرقہ پرستوں کی حمایت کرنے والے وزراء لال سنگھ اورچندرپرکاش گنگاکے خلاف معاملہ درج کرناچاہیئے کیونکہ ان کی وجہ سے آپسی بھائی چارے کوخطرہ لاحق ہواہے۔اس دوران اے ٹی سی سی نے آصفہ کے قاتلوں کوپھانسی دینے کامطالبہ کیا۔ اس موقعہ پرپریس کانفرنس میں رفیق بلوٹ، انچارج اے ٹی سی سی ، رفاقت اعجاز جنرل سیکریٹری، واجدکھٹانہ، انجینئرابرارچوہدری ودیگران بھی موجودتھے۔