فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے اپیل | بڈگام میں شیعہ سنی کارڈی نیشن کمیٹی کی میٹنگ

بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سید سحرش اصغر نے ایس پی بڈگام امود اشوک ناگپوری کے ہمراہ نیو کانفرنس ہال میںشیعہ سُنی کارڈی نیشن کمیٹی بڈگام کی ایک ہنگامی میٹنگ طلب کی۔بانڈی پورہ میں پیش آئے افسوسناک واقعہ کے تناظر میں اس میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔میٹنگ کے آغاز میں شرکاء نے اس واقعہ کو انتہائی افسوسناک اورقابل مذمت قراردیا ۔صوبائی کمشنر نے کہا اس واقعہ نے ہر ذی شعور کو رنجیدہ کردیا ہے اوراس کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ اس واقعہ کے خلاف پرامن طور احتجاج کیا جاسکتا ہے البتہ امن وآشتی کو کسی بھی طرح کا زک نہیں پہنچنا چاہیے۔ترقیاتی کمشنر نے مسلم برادری سے امن ویگانگت اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کو ہر صورت میں برقراررکھنے کی اپیل کی۔اس موقعہ پر ایس پی بڈگام نے کہاکہ امن کا ماحول درہم برہم کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوںنے امن کی برقراری کے لئے ضلع انتظامیہ کو ہر ممکن تعائو ن فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔