فرانس میں احتجاج :مظاہرین کی تعداد اور جوش و جذبہ میں کمی

 پیرس//فرانس گزشتہ ایک ماہ سے سے احتجاج و مظاہرہ جاری ہے ۔اب فرانس میں پیلی جیکٹ تحریک کی جانب سے مسلسل پانچویں ویک اینڈ پر بھی مظاہرے کیے گئے ۔ تاہم اس بار مظاہرین کی تعداد اور جوش و جذبہ کم دکھائی دیا ۔ فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق ملک بھر میں مظاہرین کی تعداد تقریباً چھیاسٹھ ہزار تھی جو پچھلے ہفتے کے مقابلے میں نصف ہے ۔مظاہرین سے نمٹنے کے لیے 69ہزار سیکورٹی اہل کار تعینات کیے گئے جن میں سے 8 ہزار پیرس میں تعینات تھے ۔ اس کے علاوہ 14بکتر بند گاڑیاں بھی پیرس میں گشت کرتی رہیں۔ مظاہرین اور پولیس کے درمیان کئی شہروں میں معمولی جھڑپیں بھی ہوئیں ، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا جبکہ ایک سو اڑسٹھ مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ۔فرانس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اورحکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا آغاز 17 نومبرکو ہفتے کے روز ہوا تھا ۔ تب سے ہر ہفتے کے روز فرانس بھر میں مظاہرین پیلی جیکٹیں پہن کر احتجاج کررہے ہیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی صدر کی جانب سے ایندھن پر ٹیکس کی شرح میں اضافے کو 6 ماہ کے لیے معطل کرنے ، کم از کم تنخواہوں کی شرح بڑھانے سمیت اس جیسے دیگر اعلانات اور سرد موسم نے بھی مظاہروں کی شدت کم کرنے میں کردار ادا کیا۔یو این آئی