فرانس سے لوٹنے والا کووڈ 19 سے متاثر، ڈی آر ڈی او جموں منتقل

جموں// فرانس سے واپسی کے کچھ دنوں بعد ایک بین الاقوامی مسافر کووڈ 19 مثبت پایاگیا ہے۔محکمہ صحت کے ایک عہدیدارنے بتایا "بین الاقوامی مسافر کو آج اس وقت کوویڈ 19 مثبت پایاگیا جب وہ علامات (بخار) پیدا ہونے پر ہسپتال پہنچا۔"عہدیدار نے کہا کہ "آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ سے تصدیق ہوئی کہ وہ کووڈ 19 تھا اور اس کے مطابق، اسے مزید علاج کے لیے ڈی آر ڈی او جموں منتقل کیا گیا "۔فرانس سے ان کی آمد پر دہلی کے ہوائی اڈے پر اس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا لیکن اس کی رپورٹ منفی تھی۔عہدیدار نے کہا کہ "جموں کے ستواری ہوائی اڈے پر آر ٹی پی سی آر کا استعمال کرتے ہوئے اس کا دوبارہ ٹیسٹ کیا گیا لیکن دوبارہ اس کی ٹیسٹ رپورٹ منفی آئی"۔تاہم نانک نگر واپسی کے چند دنوں کے بعد اس نے نمونے لینے کے لیے ہسپتال سے رجوع کیا کیونکہ اس میں کوویڈ 19 کی علامات پیدا ہوئیں۔انہوںنے کہا"ہم نے اس کا نمونہ جینوم کے نمونے لینے کے لیے بھیج دیا ہے۔اسکے خاندان کے افراد کا پانچ دن بعد کوویڈ 19 کا ٹیسٹ کیا جائے گا‘‘۔انہوں نے بتایا کہ دو بین الاقوامی مسافروں کے خاندان کے تمام افراد کے نمونے لینے میں کوویڈ 19 منفی آیا ہے۔عہدیدار نے مزیدکہا"دو بین الاقوامی مسافر آئرلینڈ اور اٹلی سے واپس آئے تھے، ان میںسے ایک شاشتری نگر کا رہنے والا ہے اور دوسرا ترکوٹہ نگر کا رہنے والا ہے۔ فی الحال دونوں زیر علاج ہیں"۔تاہم، انہوں نے کہا کہ ان کے جینوم نمونے کی رپورٹ آنا باقی ہے۔دریں اثناء جموں میں سول انتظامیہ نے ضلع کے پلوڑا میں لین نمبر 5، بوٹا نگر کو چار کوویڈ 19 مثبت کیسوں کی نشاندہی کے بعدمائیکرو کنٹینمنٹ زون قرار دیا ہے۔ عہدیدار نے کہا"متاثرہ افراد نے شادی کی تقریب میں شرکت کی تھی۔علاقے کا کوویڈ 19 کے لیے ٹیسٹ کیا جائے گا‘‘۔اس سے قبل ان علاقوں سے کوویڈ پازیٹیو کیسز سامنے آنے کے بعد 3 مائیکرو کنٹینمنٹ زون کا اعلان کیا جا چکا ہے۔جموں ضلع میں 25 کوویڈ 19 کیس بشمول 12 مریض، 6 رابطے اور ایک بین الاقوامی مسافرہیں۔