فارو ق شاہ نے بارہمولہ میں واٹر سپلائی صورتحال کا جائزہ لیا

سرینگر//پی ایچ ای ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے سیکریٹری فاروق احمد شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کا وعدہ بند ہے ۔ اس مقصد کے لئے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوںنے ان باتوں کا اظہار آج بارہمولہ ضلع میں عملائی جارہی واٹر سپلائی اور آبپاشی سہولیات کا جائزہ لینے کی غرض سے منعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں چیف انجینئر آئی اینڈ ایف سی ایم ایم شاہ نواز ، چیف انجینئر پی ایچ ای عبدالواحد اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔فاروق احمد شاہ نے کہا ہے کہ اس وقت ریاست بھر میں کئی ایسی سکیمیں عملائی جارہی ہیں جن سے پانی کی قلت کو دور کیا جاسکے گا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ بارہمولہ ضلع میں 102 فلٹریشن پلانٹ موجود ہیں جن میں 84چالو ہیں جبکہ باقی ماندہ 18 ناکارہ پڑے ہیں۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام فلٹریشن پلانٹوں اور آبپاشی سکیموں کو چالو کرنے کے لئے ایک ڈی پی آر تیار کریں ۔انہوں نے کہا کہ ٹنگمرگ، سوپور اور اوڑی میں لوگوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے ایک فعال لائحہ عمل اختیار کیا جانا چاہیئے۔انہوں نے فیلڈ عملے پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کا دورہ کر کے لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کرکے انہیں فوری طور حل کرنے کے لازمی اقدامات کریں۔