فاروق اندرابی کاعمر مسجد ، زیارت شریف درگاہ عالی ستواری کا دورہ

 جموں / حج واوقاف کے وزیر مملکت سید فاروق احمد اندرابی نے ریل ہیڈ جموں کے پاس جامع مسجد عمر کا دورہ کیا اور وہاں وضو خانے پر جاری تعمیراتی کام کے علاوہ دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔وزیر نے تمام ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انہیں مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے ۔انہوں نے درگاہ کے انتظامیہ سے کہا کہ وہ مسجد شریف کے ارد گرد صحت و صفائی کو یقینی بنائیں تاکہ مسجد شریف میںنمازیوں اور زائرین کو کسی بھی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس سے قبل حج و اوقاف کے وزیر نے125لوگوں پر مشتمل گروپ کو مکہ اور مدینہ شریف کی عمرہ کرنے کے سلسلے میں ہری جھنڈی دکھائی ۔ گروپ کی سربراہی واعظ خوان مولوی محمد فاروق قادری امام جامع مسجد عمر ریل ہیڈ جموں کر رہے ہیں۔اس موقعہ پر خصوصی دعائیں مجلس کا اہتمام کیا گیا اور وزیر نے عازمین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کا سفر آرام دہ ثابت ہو۔انہوںنے عازمین سے درخواست کہ وہ عمرہ کے دوران ریاست جموں وکشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کریں۔بعد میں وزیر نے زیارت شریف درگاہ عالیہ ستواری جموں میں حاضری دی اور درگاہ پر ایک چادر چڑھائی۔