سرینگر//غیرملکی سیاح کولوٹنے کامعمہ حل کرتے ہوئے پولیس نے گیسٹ ہائوس میں کام کرنے والی ایک خاتون کی تحویل سے تقریباً4لاکھ روپے اور400یوروبرآمدکئے ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ ہالینڈکی رہنے والی ایک خاتون سیاح کرسٹین جیکوبس نے پولیس تھانہ میں ایک تحریری شکایت درج کرتے ہوئے کہاتھاکہ جس گیسٹ ہائوس میں وہ ٹھہری ہوئی تھی ،وہاں کسی نے اُس کی ساری رقم لوٹ لی ۔پولیس نے معاملہ درج کرنے کے بعد ایس ڈی پی اونہروپارک اویس رشیداورایس ایچ او نشاط تھانہ عاشق حسین کی سربراہی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ۔پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران پولیس کی خصوصی ٹیم کوچوری کی اس واردات کے بارے میں سراغ مل گیااوراسی بناء پرتحقیقات کوآگے بڑھایاگیا۔ پولیس نے اُس گیسٹ ہائوس میں کام کرنے والی ایک خاتون ملازمہ کوپوچھ تاچھ کیلئے بلایاتواُس نے اقرارجرم کردیا،جسکے بعدمذکورہ ملزمہ کی تحویل سے انڈین کرنسی کے3لاکھ 72ہزارروپے اور400یوروبھی برآمدکئے گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں کیس زیرایف آئی آرنمبر26/2017زیردفعہ 381آرپی سی کے تحت درج کیاگیا۔