غیر قانی تجاوزات کے خلاف مہم شروع

سرینگر//خوشحال سر کی تاریخی جھیل کی بحالی کے ایک حصے کے طور پر، ضلع انتظامیہ سرینگر نے خوشحال سر کے تاریخی واٹر سرکٹ کے کناروں اور اس کے ساتھ ساتھ ایک بڑے پیمانے پر انسداد تجاوزات مہم چلائی۔ڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر انسداد تجاوزات مہم شروع کی گئی جس کے دوران تحصیلدار عیدگاہ اشفاق احمد خان کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے خوشحال سر میں متعدد رہائشی تعمیرات کو مسمار کر کے 20 کنال سے زائد آبی ذخائر واپس لے لیے۔ضلع سری نگر میں تاریخی آبی ذخائر کی بحالی کے لیے متعلقہ ٹیم کی جانب سے گزشتہ 3 مہینوں میں تجاوزات کے خلاف انہدام کی یہ تیسری مہم تھی۔دریں اثناء  ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ اس طرح کی تجاوزات مسماری مہم مستقبل میں مزید زور و شور سے جاری رہے گی تاکہ وسیع تر عوامی مفاد میں تاریخی واٹر چینل کی قدیم شان کو بحال کیا جا سکے۔