سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر نے لیہہ اورکرگل سمیت تمام ضلع ترقیاتی کمشنر وں کو غیر قانونی کلینکوں اور ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کو فوری طور سربمہر کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ غریب مریض نام نہاد ڈاکٹروں کا شکار نہ بن سکیں۔صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار کرگل اور لیہہ سمیت وادی بھر میں طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے سلسلے میںمنعقدہ ایک میٹنگ کے دوران کیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ 44غیر قانونی کلینکوں کو پہلے ہی سربمہر کردیا گیا ہے جو کہ مختلف دیہات میں ناتجربہ افراد کی طرف سے چلائے جارہے تھے۔صوبائی کمشنر نے غیر قانونی طورچلائے جارہے ان کلینکوں کے خلاف فوری کارروائی کے علاوہ اس طرح کے کلینکوں اورلیبارٹریوں کو چلانے والوں کو بھی قانونی شکنجے میںلانے کی ہدایت دی۔انہوںنے اس کارروائی کے لئے پولیس سے بھی تعائون طلب کرنے پر زوردیا۔میٹنگ کے دوران صوبائی کمشنر نے کارروائیوں کی باقاعدہ رپورٹ دینے کی بھی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے کہاکہ سرکار عوام کے لئے بہتر طبی خدمات بہم رکھنے کی وعدہ بند ہے۔میٹنگ میں ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز،چیف میڈیکل آفیسران ،بلاک میڈیکل آفیسران ،اسسٹنٹ کمشنر اوردیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔جب کہ ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔
غیر قانونی کلینکوں اور ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کو سربمہر کرنے کی صوبائی کمشنر کی ہدایت
