غیر قانونی کان کنی میںملوث ہونے کا شاخسانہ راجوری میںجے سی بی مشین، 4 ٹرک، ایک ٹریکٹر ٹرالی ضبط

راجوری//راجوری میں محکمہ ارضیات اور کان کنی نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران کئی گاڑیاں اور زمین کی کھدائی کرنے والی مشین کو ضبط کیا ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ ضلع مائننگ آفیسر راجوری محمد نصیب کی سربراہی میں محکمہ کی ایک ٹیم نے درہل، تھنہ منڈی اور راجوری ضلع کے مراد پور علاقے میں دریا کے بعض مقامات پر اچانک معائنہ کیا ۔حکام نے بتایا کہ معدنی مواد کی کھدائی کے لیے استعمال ہونے والی ایک جے سی بی مشین، مواد کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والے چار ٹرک ٹپر اور معدنی مواد کو الگ کرنے کے لیے استعمال ہونے والی ایک ٹریکٹر ٹرالی کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کان کنی کے غیر قانونی طریقوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے اور اس میں ملوث افراد کی اس غیر قانونی کارروائی پر نظر رکھی جا رہی ہے۔