غیر قانونی طور پر آباد روہنگیاکے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن

عاصف بٹ

کشتواڑ //ایک اہم پیش رفت میں کشتواڑ پولیس نے ضلع کے دچھن علاقے میں غیر قانونی طور پر مقیم روہنگیاوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا ہے ۔پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیرنمبر 22/2023 زیردفعہ 420/467/468/471 آئی پی سی کے تحت پی ایس دچھن میں درج کی۔ ایس ایس پی کشتواڑ نے بتایا کہ تحقیقات سے پتہ چلا کہ روہنگیا افراد نے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، راشن کارڈ، آدھار کارڈ اور ووٹر کارڈ جیسی دستاویزات غیر قانونی طور پر حاصل کیں۔ دوران تفتیش پولیس نے گھر گھر تلاشی لی اور مجرمانہ مواد برآمد کیا جو کہ ثبوت کے طور پر قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ غلام محمد شیخ ولد عبداللہ شیخ سکنہ کروسا سوندر دچھن مشتاق احمد ولد دلاور شیخ سکنہ کروسا سوندر دچھن شاہنواز ولد غلام حسن ماگرے سکنہ ساؤندر دچھنو فیاض احمد چوپان ولد غلام احمد سکنہ کیار دچھن کے گھروں پر چھاپے مارے گئے ۔ کشتواڑ پولیس قانون کو برقرار رکھنے اور اس کیس سے متعلق تمام شواہد کی مکمل جانچ کو یقینی بنانے کیلئے سختی کیساتھ کارروائی کررہی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ کریک ڈاؤن کا مقصد روہنگیا کی غیر قانونی آباد کاری اور ان کے حق میں مزید جعلی دستاویزات حاصل کرنے کے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کرنا ہے۔ واضح رہے کہ چند ماہ قبل یہ معاملہ اسوقت سامنے آیا تھا جب دچھن میں روہنگیاخاتون کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ علاقے کے تحصیلدار نے اجراء کی تھی جسکے بعد پولیس نے اس معاملے میں مقدمہ درج کیاتھا۔