غلام نبی ناظر، ارجن دیو مجبور اور غلام محمد رفیق کی یاد میں سمینار

اننت ناگ // گورنمنٹ ڈگری کالج اننت ناگ میں مراز ادبی سنگم اور ڈگری کالج اننت ناگ بائز کے باہمی اشتراک سے مرحوم غلام نبی ناظر ، آنجہانی ارجن دیو مجبور اور مرحوم غلام محمد رفیق کی یاد میں ایک سمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سمینار میں جنوبی کشمیر کے معزز ادباء اور ڈگری کالج کے سٹاف نے شرکت کی۔ سمینار کی صدارت مشہور ادیب، محقق ، نقاد اور شاعر غلام نبی آتش نے کی جبکہ پرنسپل ڈگری کالج بشیراحمد راتھر بحیثیت مہمان خصوصی موجود رہے۔ غلام نبی ناظر کی ادبی خدمات اور بچوں کے ادب میں آپ کے رول کے بارے میں گلزار احمد راتھر کا مقالہ پر سیرحاصل بحث کی گئی اور  یوسف جہانگیر اور شفیع ایاز نے ناظر کی شخصیت کے چند گوشوں پر روشنی ڈالی۔ ارجن دیو مجبور کی ادبی خدمات کے بارے میں لون امتیاز نے ایک مقالہ پیش کیا ۔مرحوم غلام محمد رفیق کی ادبی خدمات کو شیدا حسین شیدا نے اپنے مقالے میں اجاگر کیا۔ ظفر مظفر نے اپنے خطاب میں پرنسپل کالج سے گزارش کی کہ کالج کے کسی بھی ہال کو ان ادیبوں کے نام سے منسوب کیا جائے۔ ڈاکٹر بشیر احمد راتھر پرنسپل ڈگری کالج نے ایسے پروگرام منعقد کرنے پر مراز ادبی سنگم کی سراہنا کی۔  غلام نبی آتش نے اپنے صدارتی خطبے میں تینوں ادباء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تینوں نے کشمیری زبان اور ادب کی بہت زیادہ خدمت کی ہے اور تینوں بہت بڑے ادیب تھے۔