اشتیاق ملک
ڈوڈہ//سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کے برادر اصغر لیاقت علی آزاد کا دل کا دورہ پڑنے سے منگل کو انتقال ہو گیا۔ وہ 65 برس کے تھے۔مرحوم نہایت سادہ طبیعت ،خوش مزاج،ملنسار و بلند اخلاق کے مالک تھے۔وہ پیشہ سے استاد تھے اور کچھ عرصہ قبل محکمہ تعلیم سے سبکدوش ہوئے تھے۔دوران سروس و نوکری سے فراغت کے بعد وہ سماجی و سیاسی کاموں میں پیش پیش رہتے تھے۔مرحوم کا انتقال منگل کو دوپہر اپنی رہائش گاہ واقع صوتی بھلیسہ میں حرکت قلب بند ہونے سے ہوا۔مرحوم سابق وزیر اعلیٰ و چیئرمین ڈیموکریٹک پراگریسیو آزاد پارٹی غلام نبی آزاد ،غلام عباس آزاد، غلام مصطفیٰ بٹ کے برادر اصغر و مبشر آزاد کے والد تھے ۔ان کے برادر اکبر کا سال 2006 سعودی عرب کے مکہ میں وفات پائی تھی۔مرحوم لیاقت علی آزاد کا نماز جنازہ آج شام اپنے آبائی گاؤں قبرستان میں ادا کی گئی اور وہیں پر سپرد خاک کیا گیا۔ان کی موت پر سابق وزیر عبدالمجيد وانی، سابق وزیر سجاد احمد کچلو، سابق رکن اسمبلی دلیپ سنگھ پریہار، سابق ایم ایل سی ایڈووکیٹ نریش کمار گپتا، چیئرمین سوسائٹی محمد ایوب زرگر، چیف ایگزیکٹو افسر اوقاف اسلامیہ جاوید اقبال زرگر،ڈی پی اے پی ضلع صدر آصف جہاں گتو، زونل صدر پی آر منہاس، زونل جنرل سیکرٹری مشتاق احمد ملک، ڈیلی ویجر ورکرز یونین صدر ظفراللہ ملک نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔انہوں نے مرحوم کی حیات و خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لئے دعا کی۔