غزلیات

مناجات
مانگتا ہوں میں دعائیں  اے خدائے لم یزل
دور کر دے سب بلائیں، اے خدائے لم یزل
کوئی در نہ راس آئے تیرے در کو چھوڑ کر
کس کو اپنے غم سنائیں اے خدائے لم یزل
چار جانب تیری قدرت کے مناظر دیکھ لیں
ایسی آنکھیں کاں سے  لائیں اے خدائے لم یزل!
روزِ محشر ہم غریبوں کی سفارش کے لئے
سرورِ کونینؐ آئیں اے خدائے لم یزل
روح کی ہو رخصتی تو جاری لب پر ہوں مرے
صرف کلمے کی صدائیں اے خدائے لم یزل
زندگی بھر کے لئے ممتازؔ کے کردار سے
ختم کر دے سب اَنائیں، اے خدائے لم یزل
ممتاز احمد
بکوری، راجوری ،جموں
کرو اِن کی قدردانی
زمینِ دل سے آتی ہے جو یہ بُوئے گلستانی
یہی ہے بُوئے انسانی یہی جگ میں ہے لافانی
دخل اِس میں نہیں مُطلق ہُوا کرتا ہے مِلت کا
یہودی ؔیہ نہ عیسائیؔ نہ ہندو ہے نہ مُسلمانی
کرشمہ اک یہ ٹھہرا ہے جیبِ دو جہانی کا
بشر کا ذہن کرتا ہے قلیل و کم ہی نادانی
ہے اُسکی دیر تک رہتی بقائے زیست کی خوشبو
ہے کرتا خرقہ پوشی میں جو اکثر کارِسلطانی
سرا پا آدمیت کا اَزل سے آئینہ ٹھہرا
اُمیدِ خیر و شر اِس سے ہُوا کرتی ہے اِمکانی
بدل لیتا ہے انساں خود نظامِ زندگی اپنا
گہہِ عرفان کی راہ لے کر گہہِ پھر راہ ِشیطانی
عتابِ دہر سے بچنا ہے اِنسان خود تلک موقوف
وہی تا بندہ رہتا ہے جیسے ہو خوفِ یزدانی
حیات و موت کے مابیں ابھی ہے فاصلہ عشاقؔ
ہے قیمت چند ساعت میں کرو اِن کی قدردانی
عشاقؔ کشتواڑی
صدر انجمن ترقی اردو (ہند) شاخ کشتواڑ
موبائل نمبر؛9697524469
آدم اے آدم
تیرے ہی لئے
راتوں نے شبنمی نقاب
اوڑھ لئے
موسموں نے رنگ بکھیرے
دھوپ بارش برف بجلی
آندھی طوفان بنائے
سورج نے چکر جاری رکھا
یہ سب پہلے سے طے تھا
آدم اے آدم
تیرے ہی لئے
چاند نے گھونگھٹ اوڑھا
منہ چھپایا
پھر نکل آیا چاند
چودش دکھایا
پورن ماشی
پھر شب قدر
(متبرک عظیم رات)
اماوس
پھر ہلال عید
آدم اے آدم
تو مگر ہارا ہے
اپنے ہی آپ سے
گر جاتا ہے
نادان بچے کی طرح
بار بار
اسی دوراہے پر
افسوس۔۔۔۔۔۔۔
تو رو بھی نہیں سکتا اب
تیرا پیالہ خالی ہے
مشتاق مہدی
مدینہ کالونی۔ ملہ باغ حضرت بل سرینگر
موبائل  نمبر؛9419072053
دُعا
دعائوں میں یا رب اثر چاہتا ہوں
خطائوں سے بھی درگذرچاہتا ہوں
تمنّا ادھوری کہیں رہ نہ  جائے
حرم  دیکھنے کی نظر  چاہتا ہوں
مدینے کی میری ولادت نہیں ہے
مگر خاتمہ مَیں اُدھر چاہتا ہوں
فقط ایک شب جو ہزاروں میں افضل
اُسی شب قدرکی قدر چاہتا ہوں
محض مغفرت کا طلب گار ہوں میں
تیری رحمتیں سر بہ سر چاہتا ہوں
زباں پر کلمۂ شہادت  عطا  کر
یہی اِک دعا پیشتر چاہتا ہوں
مشکورؔ تماپوری
 تماپور -کرناٹک
حمدیہ ماہیے
خالق ہے خدا سب کا
خلق کیا جس نے
رازق ہے خدا سب کا
—–
ہے آس فقط تُجھ سے
بَھر دے خدا جھولی
یہ داس فقط تُجھ سے
—–
پھولوں کی مہک میں ہے
بُو ہے تِری ہرسو
غنچوں کی چٹک میں ہے
—–
بادل کی کڑک میں توُ
نور تِرا سب میں
بجلی کی چمک میں توُ
علی شاہد ؔ دلکش
  مغربی بنگال، بھارت
موبائل نمبر؛ 8820239345
 میری کمبل 
آو بچو !  سُنو پہیلی
کمبل میری میلی کچیلی
کچھ البیلی کچھ شرمیلی
کمبل میری میلی کچیلی
کمبل کو میں سیل سے لایا
گھر اپنے میں ریل سے لایا
سجے ہیں اُس پہ پھول چنبیلی
کمبل میری میلی کچیلی
خرید کے لایا جب سے اُسکو
اُوڑھ کے بیٹھا تب سے اُسکو
بِن میرے کیا رہے اکیلی
کمبل میری میلی کچیلی
گرمی ہو یا سردی کی راتیں
کرتی ہےمجھ سے پیار کی باتیں
سب سے الگ وہ دل کی سہیلی
کمبل میری میلی کچیلی
لایا ہوں بہت چاو سے اُسکو
تھوڑی سستِی کم بھاو سے اُسکو
کھیلتی ہے مجھ سے آنکھ مِچولی
کمبل میری میلی کچیلی
نیند کا غلبہ جب ہو طاری
اُوڑھ کے بیٹھا راج دُلاری
کرتی ہے مجھ سے کیا اٹکھیلی
کمبل میری میلی کچیلی
سب سے اچھی سب سے پیاری
کمبل میری راج کُماری
بُرے وقت کا اللہ بیلی
کمبل میری میلی کچیلی
خوشنویس میر مشتاق
ایسو ،اننت ناگ کشمیر،موبائل نمبر؛ 9682642163
قطعات
آج مذہب سے ہورہی ہے دوری
مادیت نے دبوچ لی انسانیت پوری
کیسے حاصل ہو زر، بس یہی ہے فکر
ضابطہ اخلاق کو اپنانا سمجھتے ہیں غیر ضروری
کاش! وہ بچپن کا میٹھا زمانہ
جب ہر دن ہوتا تھا کتنا سہانا
خوش گپّی اور بے فکری ہوتے تھے بسرِ اوقات
کسی حاکم کا ہوتا تھا نہیں کوئی تازیانہ
تعلیم کا مقصد گر ہو تعمیرِ کردار
ایسی تعلیم کا حصول ہے مفید و خوشگوار
جس تعلیم سے نہ ہو تزئینِ شخصیت
ایسی تعلیم کا حصول ہے فضول و بے کار
غلام نبی نیئر
کولگام کشمیر
موبائل نمبر؛9541547612