غریب تک اس کا حق پہنچایاجائے :تانترے

منڈی//ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے غریب تک اس کا حق پہنچانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ حکومت کی اولین ترجیح غریب کے مسائل حل کرانا اور اس تک بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے ۔انہوںنے تحصیل منڈی کے علاقہ فتح پور دھڑہ اور موہڑہ کا دورہ کرکے عوامی مسائل سنے ۔اس دوران ان کے ہمراہ مختلف محکمہ جات کے افسران بھی تھے۔ انہوں نے محکمہ پی ایچ ای، محکمہ بجلی اور محکمہ دیہی ترقی کے تحت علاقہ جات میں چل رہے کاموں کا جائزہ لیااورافسران کو کاموں میں سرعت لانے پر زور دیا۔تانترے متعلقہ محکمہ جات کے آفیسران کو موقعہ پر ہی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام کاموں میں سرعت لاکر انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیاجائے ۔موصوف نے افسران سے کہا کہ وہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی پوری پوری کوشش کریں اورکوتاہی برتنے والے ملازم کو قانون کے تحت کارروائی کاسامنا کرناپڑے گا۔تانترے نے کہاکہ غریب کی ہر ایک کو عزت کرنی چاہئے ۔ تانترے نے کہاکہ سرکار کی اولین ترجیح ہے کہ غریب کو اس کا حق دیاجائے اور اسے بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔اس دوران میں ان کے ہمراہ بلاک صدر منڈی پیر زادہ بلال مخدومی ،راجہ ممتاز ،اقبال شیخ ،عبدالرزاق ،مشتاق احمد، محمد حفیظ ،اعجاز کرمانی، چوہدری غلام دین وغیرہ بھی تھے ۔