غریبی کی سطح سے نیچے گذر بسر کرنے والے | ماسک فراہم کرنے کیلئے 19کروڑ 19لاکھ واگذار

سرینگر//حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر ماسکوں کی خریداری کیلئے زائد از19کروڑ روپے کی رقم ضلع ترقیاتی کمشنروں کو واگزار کی ہے۔ دیہی ترقی کے سیکریٹری کی طرف سے اس سلسلے میں ایک حکم نامہ جاری کیا گیا جس میں ایس ڈی آر ایف کے تحت سال2020-21کی مد میں کورونا وائرس کے پھیلائو کے پیش نظر ضلع ترقیاتی کمشنروں کو19کروڑ19لاکھ روپے کی رقم واگزار کرنے کو منظوری دی گئی۔اس رقم کا تصرف ماسکوں کی خریداری میںکیا جائے گا جو اے آئی وائی،پی ایچ ایچ اور این پی ایچ ایچ راشن کارڈ والے لوگوں میں تقسیم کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں جنوبی ضلع اننت ناگ کو ایک کروڑ49لاکھ40ہزار،کولگام کو66ہزار25لاکھ، پلوامہ کو 89لاکھ،60ہزار ، شوپیان کو43لاکھ80ہزارجبکہ شمالی ضلع بانڈی پورہ کو61لاکھ57ہزار،بارہمولہ کو ایک کروڑ63لاکھ90ہزار، کپوارہ کو ایک کروڑ35لاکھ سرینگر کو ایک کروڑ81لاکھ30ہزار،وسطی ضلع بڈگام کو ایک کروڑ15لاکھ60ہزار،گاندربل کو49لاکھ70ہزار روپے دیں جائیں گے۔مجموعی طور پر جموں کشمیر میں یہ ماسک71لاکھ86ہزار700 نفسا،پی ایچ ایچ اور اے آئی وائی مستحقین اور48لاکھ23ہزار365این پی ایچ ایچ مستحقین میں تقسیم کی جائے گی۔حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ یہ رقومات ایس ڈی آر ایف رہنما خطوط کے تحت خرچ کی جائیں گی،جبکہ تقسیم کاری کیلئے اعدادو شمار بھی ممکنہ آدھار کارڈوں و نمبرات پر کی جائے گی اور تقسیم کاری کے ریکارڈ کو راشن کارڈوں کی بنیاد پر مرتب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔حکام نامہ میں واضح کیا گیاہے کہ ان رقومات کا تصرف اس مقصد کیلئے کیا جائے گا،جس کیلئے انہیں واگزار کیا گیا ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ ان رقومات کو بیرون ریاست بنک کھاتوں میں نہ رکھا جائے،جبکہ خریداری بھی اصل ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ضوابط کے تحت کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔