عید گاہ ۔گلہوتہ واٹر سپلائی سکیم 1ماہ سے مسلسل بند

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے گلہوتہ گائوں میں ’عید گاہ ۔گلہوتہ ‘واٹر سپلائی سکیم گزشتہ ایک ماہ سے بند ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ ملازمین ڈیوٹی سے ہی غائب ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ملازمین گزشتہ ایک ماہ سے ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں ہورہے ہیں جس کی وجہ سے کم ا زکم 3ہزار آباد ی والے وسیع علاقہ کی پانی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملازمین نہ تو ڈیوٹی پر حاضر ہورہے ہیں اور نہ ہی متعلقہ محکمہ لاپرواہ ملازمین کیخلاف کوئی کارروائی کررہا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ محکمہ آب رسانی کی جانب سے لفٹ واٹر سپلائی سکیم پر تعینات کئے گئے ملازمین نے حالیہ کئی دنوں سے اپنے فون بند رکھے ہوئے ہیں جبکہ عام لوگوں بالخصوص خواتین کو پینے کا صاف پانی لانے کیلئے کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے جانا پڑرہا ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ علاقہ گنجان آبادی پر مشتمل ہے جبکہ علاقہ میں پڑنے والی گرمی کی وجہ سے قدرتی چشموں پر بھی پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں ہورہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ایک ماہ سے پانی بغیر کسی وجہ کے بند کئے جانے کے سلسلہ میں متعلقہ محکمہ کے آفیسران سے بھی اپیلیں کی گئی ہیں لیکن ابھی تک ان کی جانب سے بھی کوئی عملی کارروائی نہیں کی جاسکی ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ڈیوٹی میں کوتاہی کرنے والے ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی کو جلدازجلد بحال کیا جائے ۔