عید نماز کے سلسلے میں انتظاما ت

سرینگر//آثار شریف حضرت بل میں نماز عید کے سلسلے میں انتظامات کاجائزہ لینے کے لئے ترقیاتی کمشنر سرینگر سید عابد رشید شاہ نے کل زیارت گاہ کادورہ کیا۔اُن کے ہمراہ سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایسٹ) سرینگر،جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی،سپر انٹنڈنگ انجینئر،چیف میڈیکل آفیسر،ایڈمنسٹریٹو وقف بورڈ اورایس پی( ایسٹ) کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے آفیسران بھی تھے۔انتظاما ت کا موقعہ پر ہی جائزہ لینے کے دوران ترقیاتی کمشنر نے آفیسران کوزائرین کے لئے بجلی،پانی، صفائی و ستھرائی اورٹرانسپورٹ کے علاوہ دیگر سہولیات دستیاب رکھنے کی ہدایت دی۔ترقیاتی کمشنر نے ٹریفک پولیس محکمے کو زیارت گاہ تک ٹریفک کی بلا خلل آواجاہی اوربہتر پارکنگ سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے ایس ایم سی کو آثار شریف اوراس کے گردونواح میںصفائی ستھرائی کی طرف ٹھوس توجہ مبذول کرنے پر زوردیا ۔ترقیاتی کمشنر نے آفیسران پر باہمی تال میل قائم رکھنے کی بھی ہدایت دی تاکہ زائرین کو کسی دقت کا سامنا نہ ہو۔