عید میلاد النبیؐ کی جاری تقریبات: سونہ وار اور کانلی مسجد مہاراج گنج میں مجالس آراستہ

سرینگر//عید میلاد النبیؐ کی جاری تقریبات کے سلسلے میں کل زیارت حضرت سید میر یعقوب صاحبؒ سونہ وار میں ایک پُروقار اور روح پرور مجلس کا انعقاد ہوا۔ نمازِ ظہر سے قبل مولانا شوکت حسین کینگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاحبِ خلق عظیم ﷺ حضرت دُرِّ یتیم ، حضرت معلّم انسانیت ، حضرت الصادق والامین ﷺ کی اطاعت کرنے سے ہی ہماری کامیابی اور کامرانی ممکن ہے۔ نمازِ ظہر کے بعد خطمات المعظمات، دورد و ازکار اور مولود خوانی کی مجلس آراستہ ہوئی، جس کی پیشوائی امام خطیب الحاج مولوی ریاض الحق نورآبادی اور بقعہ عالیہ کے امام پیرزادہ محمد حسین قادری نے کی۔ ادھر تاریخی اور قدیم مسجد شریف کانلی مسجد ایس آر گنج میں ایک سیرتی مجلس کا انعقاد ہوا جس میں مولوی قاری حافظ ڈاکٹر لطیف اللہ نے سیرت پاک کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی ۔