حسین محتشم
پونچھ//جموں و کشمیر پبلک ویلفیئر فرنٹ کے چیئرمین زوراور سنگھ شہباز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آنے والی عید غریبوں، یتیموں اور ناداروں کے ساتھ منائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عید پر ہمیں ضرورت مندوں کونئے کپڑے، مٹھائیاں اور ڈھیر ساری خوشیاں دینی چاہئیں تاکہ وہ بھی عید خوشی خوشی مناسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ان غریبوں کو خوشیاں دے کر، ان کی ضرورتیں پوری کر کے ان کی مدد کر کے ہمیں یقین رکھنا چاہئے کہ اللہ کی رحمت ہم پر برسے گی اور ہماری ساری پریشانیاں ختم ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ جو بھی اپنی کمائی سے غریبوں، یتیموں، مسکینوں، بوڑھوں، معذوروں، ناداروں اور ضرورت مندوں کی مدد کرتا ہے،۔اللہ تعالیٰ اس کی ہر قدم پر مدد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں آپ نے جو بھی عبادات، نیکیاں کی ہیں وہ سب اللہ کی بارگاہ میں قبول ہوں گی اگر آپ امید کی کرن بن کر غریبوں کی مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے محلے اور گھر کے آس پاس ضرور دیکھیں کہ کس کو آپ کی ضرورت ہوتو آپ اس کی بھرپور مدد کریں۔ اس موقع پر
فرنٹ کے ممبران رویندر کور کومل، شاہنواز خان، بشیر احمد جٹ، جہانگیر حسین ہمدرد، اجگر سنگھ، من پریت سنگھ بھی موجود تھے۔