عید الفطر کی خوشیوں میں متاثرین کو شامل کیا جانا لازمی:شبیر شاہ

 سرینگر//فریڈم پارٹی سربر اہ شبیر احمد شاہ پنے بیان میں عوام سے عید سادگی اور متانت سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم بحیثیت ایک قوم کرب انگیز دور سے گزررہے ہیں اور یاس و حسرت کے ماحول میں جی رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اگرچہ عید خوشیوں اور مسرت کی گھڑیوں میں تبسم بکھیرنے اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں کام آنے کا نام ہے ۔البتہ غلام قوموں کی عید تب ہوتی ہے جب غلامی اورظلم و ستم کی سیاہ رات کا خاتمہ ہو۔ شبیر احمد شاہ نے یا دلایا کہ ہم ایک عظیم مقصد اور وطن عزیز کی آزادی کے لئے برسر جدوجہد ہیں اور گزشتہ۷۰ برسوں کے دوران ہزاروں افراد تہہ تیغ کئے گئے ،سینکڑوں وارداتوں میں قتل انبوہ کے مناظر دیکھنے کو ملے ،بچے بوڑھے اور جوان جسموں کے چیتھڑے اُڑادئے گئے اور عصمت دریوں کے درجنوں واقعات میں ہماری بہوبیٹیوں اور مائوں کی عصمتیں تار تار کی گئی ۔انھوں نے سال2016کے غم انگیز واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہاہمارے سینکڑوں بچوں ،بچیوں اور جوانوں کی بینائی پیلٹ جیسے مہلک ہتھیاروں سے چھین لی گئی اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے اور ریاست کی موجودہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے ظلم و ستم کے اس سیاہ دور کو بڑھاو دینے کے لئے مزید مہلک ہتھیار منگوائے ہیں اور اسی سلسلے کی کڑی کے طور قریہ قریہ سے فورسز کے ہاتھوں شبانہ چھاپوں کے دوران مکینوں کی ماپیٹ اور املاک کی تباہی سے متعلق جانگسل اطلاعات مل رہی ہیں۔اس موقع پر انھوں نے ریاستی عوام کو جیلوں میں بند ان ہزاروں محبوسین کے اہل خانہ کی خبرگیری کے لئے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان کے اہل خانہ کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہئے۔ادھر شبیر احمد شاہ کی ہدایت پر صدر ضلع پلوامہ محمد امین اور فاروق احمد پر مشتمل ایک وفد نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔اس موقع پر شبیر احمد شاہ نے کاکہ پورہ معرکہ میں شہید جوان کے لواحقین سے ٹیلی فون پر بات کی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء کی پیش کی گئی قربانیوں کو کسی بھی قیمت پر رائگان جانے نہیں دیا جائے گا۔