عیدگاہ اور مضافی علاقے زیر آب آنے سے عوام پریشان

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر و سابق ممبر اسمبلی عیدگاہ مبارک گل نے کہا ہے کہ عیدگاہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں برفباری اور پانی جمع ہونے کے نتیجہ میں لوگوںکو عبورو مرور میں مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گلی کوچوں میں واٹر پمپ نصب کرکے پانی کی نکاسی کی جائے۔ مبارک گل نے کہاکہ وادی کشمیرمیں باری برفباری سے عوام کو کافی مشکلات اور خاص کر حلقہ انتخاب عیدگاہ کے آس پاس علاقوں ،جن میں فردوس کالونی، عیدگاہ، صفاکدل، جمالٹہ ،پالہ پورہ، نورباغ، بڈی وڈر، چونچ فقیر، وانی یار کی سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب ہیں جس کے باعث راہگیروں کو چلنے میں دقتیں پیش آرہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مذکورہ علاقوں میں اگر کوئی بیمار ہوجائے تو مریضوں کو ہسپتال پہنچانے میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مبارک گل نے متعلقہ محکموں کے افسران سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ علاقوں میں پانی نکالنے کے لئے واٹر پمپ کام میں لگائے تاکہ عوام کو سہولیت پہنچے۔