عیدکے پیش نظرعوام کوتمام سہولیات بہم پہنچائی جائیں: کمال

سرینگر// نیشنل کانفرنس نے صوبائی انتظامیہ سے عید الفطر کے پیش نظر عوام کو راشن ، صحت و صفائی، بجلی اور پانی کے علاوہ دیگر سہولیات میسر رکھنے میں کوئی بھی کسر باقی نہ رکھنے کی اپیل کی ہے۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے تینوں خطوں کی انتظامیہ سے تاکید کی ہے کہ وہ روزِ عید کی تقریبات کے پیش نظر لوگوں کو بنیادی ضروریات میسر رکھنے کیلئے مناسب اقدامات کریں۔ خصوصاً ان ایام کے دوران بجلی کی معقول اور بغیر خلل سپلائی کے ساتھ ساتھ پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور عید گاہوں، مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں کے گردنواح صحت وصفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ ریاست کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی بھر پور فراہمی کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے  تاکید کی کہ وہ عید الفطر کے سلسلے میں ناجائز منافع خوری اور بلیک مارکیٹنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کریں اور ایسے عناصر کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جو صارفین کااستحصال کرنے کے مرتکب پائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ متبرک ایام کے دوران غذائی اجناس چاول، کھانڈ، آٹا اور رسوئی گیس کی وافر مقدار کی فراہمی کی سہولیت میسر رکھی جائیں۔ ساتھ ساتھ لوگوں کو مرکزی عید گاہ، درگاہ حضرت بل، مرکزی جامع مسجد، خانقاہ معلی، چرار شریف ، حضرت سلطان العارفینؒ اور دیگر زیارت گاہوں تک لانے لیجانے کیلئے ٹرانسپورٹ سہولیات دستیاب رکھا جائے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غریبوں، ناداروں، یتیموں اور بے سہارا بیوائوں اور جسمانی طور ناخیز افراد کا خاص خیال رکھیں اور عید کے دن عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقا اور جموں وکشمیر کے عوام کی فتح و نصرت کیلئے دعا کریں اور ان مقدس تقاریب پر مصیبت کے مارے اپنے بھائیوں کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا مظاہرہ کریں۔