’عوام کا حکومت کے تئیں اعتماد ختم‘

 جموں//ریاست میں امن و قانون کی بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دیویندر رانا نے کہا ہے کہ پی ڈی پی بی جے پی مخلوط سرکار لوگوں میں تحفظ کا جذبہ بحال کرنے میں پوری طرح ناکام رہی ہے۔ انہوں نے بلاور میں ایک نوجوان کے قتل اور شوپیاں کشمیر میں اسکولی بچوں کی بس پر ہوئے پتھرائو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ریاستی شہریوں کا حکومت کے تئیں اعتماد ختم ہو گیا ہے ، ریاست میں لاقانونیت کا دورہے اور لوگ خود کو بے بس محسوس کر رہے ہیں۔ رانا نے توقع کی ہے کہ امن و امان قائم رکھنے کیلئے ذمہ دار ایجنسیاں اپنے فرائض کو نبھاتے ہوئے سماج دشمن عناصر کے خلاف کڑی سے کڑی کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے اپنے فرض سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی اور اس سلسلہ میں اپنی ہر ممکن ذمہ داری کو نبھاکر لوگوں کا اعتماد بحال کر ے گی۔ رانا نے مثبت سوچ رکھنے والے عناصر کو اپیل کی ہے کہ وہ ہر قسم کے تشدد کی نفی کرتے ہوئے معصوم افراد کے خلاف کئے جانے والے تشدد کے خلاف آواز بلند کریں۔