نئی دہلی// پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات ختم ہونے کے چند دن بعد ہی گزشتہ روز سے عوام پر مہنگائی کی مار پڑنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بدھ کے روز مسلسل دوسرے دن اضافہ ہوا ہے۔
سرکاری تیل کمپنیوں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 80 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا ہے۔ قومی راجدھانی دہلی میں آج پٹرول کی قیمت 97.01 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 88.27 روپے فی لیٹر پر پہنچ گئی ہے۔
پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کے نتیجہ میں ملک کی مالیاتی راجدھانی ممبئی میں پٹرول کی قیمت 111.67 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ایک لیٹر ڈیزل 95.85 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ ملک کے ایک اور اہم شہر کولکاتا میں پٹرول 106.34 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 91.42 روپے فی لیٹر پر فروخت ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ چنئی میں ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 102.91 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 92.95 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
دریں اثنا، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے بھی گزشتہ روز 14.2 کلو والے سلنڈر کے داموں میں 50 روپے کا اضافہ کر دیا۔
اس کے بعد ملک کے بیشتر بڑے شہروں میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمت ایک ہزار روپے کے قریب پہنچ گئی ہے۔