عوام مرکزی حکومت کی پالیسیوں سے ناراض

نینی تال//یو این آئی// کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے سنیچر کو اتراکھنڈ کے دورے کے دوران وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم صرف اپنے اور اپنے دو صنعتکار دوستوں کو فائدہ پہنچا رہے ہیں۔ عوام مرکزی حکومت کی پالیسیوں سے ناراض ہیں۔محترمہ پرینکا گاندھی نے آج سب سے پہلے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی اسمبلی کھتیما پہنچیں اور وہاں ایک جلسہ عام کے ذریعے مرکزی اور ریاستی حکومت کو گھیرا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ملک میں مذہب، فرقہ اور ذات وپات کا گھناؤنا کھیل کھیل رہی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی حکومت مہنگائی، بے روزگاری اور کسانوں کے معاملے پر بھی ناکام رہی ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت نے اپنے صنعتکار دوستوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے تین زرعی قوانین لائے ہیں۔ سیاہ قوانین کے خلاف ملک کے کسان ایک سال تک سڑکوں پر مشتعل رہے اور کئی کسانوں کو اپنی جان گنوانی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ جب الیکشن آئے تو ایک ماہ قبل حکومت نے سیاہ قوانین واپس لے لیے ۔کانگریس لیڈر نے یہ بھی کہا کہ مرکزی حکومت سرکاری اداروں کو فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ بی ایچ ای ایل اور ریلوے اس کی تازہ ترین مثالیں ہیں۔ حکومت بھی ہوائی اڈے پرائیویٹ ہاتھوں میں دینے میں مصروف ہے ۔