عوام فرقہ پرست جماعتوں سے ہوشیار رہیں :ہرش دیوسنگھ

جموں //نیشنل پنتھرز پارٹی کے چیئر مین ہرش دیوسنگھ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ فرقہ پرست جماعتوں کے چنگل میں نہ آئیں ۔تحصیل مجالتہ کے دورے کے دوران پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انتخابات کے نزدیک آتے ہی موقعہ شناس جماعتیں متحرک ہو رہی ہیں لیکن عوام کو چاہیے کہ وہ فرقہ پرست جماعتوں کی پالیسیاں کو ناکام کرنے کیلئے آپسی اتحاد بر قرار رکھنے کیلئے کام کریں ۔حالیہ دنوں میں ریاستی گورنر کی جانب سے عسکریت پسندی کے سلسلہ میں دئیے گئے بیان پر بولتے ہوئے موصوف نے کہاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ ریاستی مخلوط حکومت کے دور میں ریاست میں حالات زیادہ خراب ہو ئے ۔انہوں نے کہاکہ سابقہ ریاستی حکومت کے دور میں کئی ایسے فیصلے بھی لئے گئے جن کی وجہ سے عسکریت پسندوں کے حوصلے بلند ہو ئے ۔پلوامہ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے موصوف نے لواحقین کیساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔اس اجلاس میں منجو سنگھ ،راجیش شراما ،بلونت راج ،بشارت علی ،وجے شرما ودیگران نے بھی خطاب کئے ۔