عوام تک رسائی پروگرام | کرن نگر میں پولیس کا عوامی دربار

سرینگر //عوام تک رسائی پروگرام کے ایک حصہ کے تحت سرینگر پولیس نے کرن نگرمیں ایک عوامی میٹنگ منعقد کی ۔میٹنگ کے دوران سماجی دوری کے اصولوں اور دیگر پروٹوکول کا خاص خیال کیا گیا ۔پولیس اسٹیشن کرن نگر میںایس ایچ او کی صدارت میںمنعقدہ پولیس پبلک میٹنگ میںعلاقے کے ذی عزت شہریوں کے علاوہ ،خوانچہ فروشوں کے نمائندوں اور سول سوسائٹی ممبران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ، شرکاء نے مختلف مسائل اٹھائے جن میں پارکنگ کی سہولیات ، ٹریفک کا رخ وغیرہ شامل تھے ۔ افسران نے شرکاء کو یقین دلایا کہ پولیس سے متعلق ان کی جائیز شکایات کو ترجیحی طور پر حل کیا جائے گا اور سول انتظامیہ سے متعلق امور متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھائے جائیں گے۔پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ ان ملاقاتوں کا بنیادی مقصد عوام اور پولیس کے درمیان ماحول کو خوشگوار بنانا ہے ۔اجلاس میں شریک شرکا نے معاشرتی برائیوں سے نمٹنے کے لئے پولیس سے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس طرح کے میٹنگوں میں سہولت فراہم کرنے کے لئے پولیس کی کاوشوں کو بھی سراہا جہاں شرکاء آزادانہ طور پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں۔