عوامی مقامات پر ماسک کااستعمال لازمی

سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر محمداعجاز اسد نے مہاراشٹرا جیسی صورتحال سے بچنے کیلئے SOP پر سختی کیساتھ عمل ‘کو ناگزیرقرار دیتے ہوئے سنیچر کے روز اعلان کیاکہ اب ماسک نہ پہننے اوردیگرخلاف ورزیوں پر متعلقین کیخلاف کارروائی ہوگی ۔ سنیچر کے روز کوروناوائرس پھیلائو سے پیداشدہ صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنرکی صدارت میں ایک ہنگامی میٹنگ منعقد ہوئی ،جس میں  محکمہ صحت کے اعلی عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ سرینگر میں کوویڈ کیسوں میں اضافہ ہوا ہے جو تشویشناک صورتحال ہے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ کورونا کی روکتھام اوراسے بچنے کیلئے حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی مقامات ، ہوٹلوں ، شاپنگ مالز ، بسوں اور دیگر مقامات پر سبھی لوگ ماسک کا  لازمی استعمال کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ماسک نہ پہننے والے لوگوں کاطبی ٹیمیں اسپاٹ کوویڈ ٹیسٹ کروائیں گی،اورساتھ ہی خلاف ورزی کے مرتکب افراد سے جرمانہ بھی وصول کیاجائیگا۔انہوں نے کہا کہ کووڈ19، ایس او پیز پر اب سختی سے عمل کیا جائے گا۔جس کے لئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مہاراشٹرا جیسی صورتحال کو روکنے کیلئے ہمیں پروٹوکول پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ائیر پورٹ پر متاثرہ مسافروں کو تنہا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ ہم کوئی خطرہ یارسک مول نہیں سکتے۔میٹنگ میں اسبات کاجائزہ لیاگیاکہ گرمائی راجدھانی سرینگرمیںعالمگیر وبائی وائرس کوپھیلنے سے روکنے کیلئے کیا کچھ فوری نوعیت کے اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے ۔محکمہ صحت کے افسروں نے ضلع ترقیاتی کمشنر نے کوروناوائرس کی روکتھام ،متاثرہ مریضوں کوعلاج ومعالجہ فراہم کرنے اورکورنامخالف ٹیکہ کاری کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے حکام سے کہاکہ وہ کورونا وائرس کوپھیلنے سے روکنے کیلئے ضروری تدابیر کی پاسداری کویقینی بنانے کیساتھ متعلقہ معیاری عملیاتی طریقہ کار(SOP)پرعمل درآمد کے بارے میں سرگرم رول اداکریں ۔انہوں نے محکمہ صحت کے حکام سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیکر RATٹیسٹنگ کے عمل میں تیزی لانے کوکہا۔میٹنگ کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز اسد نے کہا کہ جو کوئی بھی ماسک کے بغیر پایا جائے گا، اس شخص کاموقعہ پرہی ’ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ‘RATٹیسٹ کیاجائیگا اورخلاف ورزی کرنے پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔انہوںنے عوامی مقامات پرماسک پہننے کولازمی قرار دیتے ہوئے کہاکہ گھروں سے باہرنکلتے ہی لوگوںکواپنے منہ ماسک سے ڈھانپ لینے چاہیں ۔