عوامی مسائل کے حل کیلئے پبلک دربار لگانا انتہائی اہم : مندیپ کور

 عظمیٰ نیوز سروس

رام بن //کمشنر سیکرٹری ہاوسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ مندیپ کور نے سنا سر میں عوامی خدشات کا جائیزہ لینے اور ان کو دور کرنے کیلئے ایک وسیع پبلک آؤٹ ریچ پروگرام کا انعقاد کیا ۔ ضلع انتظامیہ رام بن کی طرف سے ڈپٹی کمشنر رام بن کی نگرانی میں منعقد کئے گئے آؤٹ ریچ پروگرام کا مقصد مقامی لوگوں کو اپنے مسائل کو اجاگر کرنے اور حل تلاش کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا ۔ تقریب میں اہم شخصیات بشمول ڈی ڈی سی چئیر پرسن ڈاکٹر شمشاد شان ، ڈی ڈی سی ممبران ، ڈائریکٹر ہاوسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، سی ای او پی ڈی اے ، اے سی آر ، اے سی ڈی ، جی ایم ڈی آئی سی ، سی ای او اور دیگر مختلف ضلعی /سیکٹورل افسران ، ممتاز شہری اور عام لوگوں نے شرکت کی ۔ کمشنر سیکرٹری نے کہا کہ لفٹینٹ گورنر جموں و کشمیر کی ہدایات کے تحت مرکز کے زیر انتظام علاقے میں عوامی درباروں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد مقامی لوگوں کے حقیقی مطالبات اور مسائل کو حل کرنے کیلئے نچلی سطح پر عوام کی دہلیز پر براہ راست رائے ، مسائل اور خواہشات اکٹھا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ عوامی درباروں کے انعقاد سے ہم اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ہر مسئلے کی سماعت کی جائے اور ہر حقیقی مطالبے پر غور کیا جائے ‘‘۔ مزید براں کمشنر سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ شناخت شدہ حقیقی مطالبات کو یو ٹی اور مرکزی اسپانسر شدہ اسکیموں میں ضم کیا جائے گا جس سے آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ایک جامع نقطہ نظر کو یقینی بنایا جائے گا ۔ عوامی دربار یو ٹی کے مختلف علاقوں میں منعقد ہونے والے ہیں جو عوام کو انتظامیہ کے ساتھ منسلک ہونے اور جامع ترقی کے عمل میں حصہ ڈالنے کا کافی موقع فراہم کرتے ہیں ۔ ڈاکٹر شمشادشان کی قیادت میں پی آر آئیز نے عوامی مفادات کے مختلف مسائل پر روشنی ڈالی ۔ ڈی ڈی سی چئیر پرسن کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات کا جواب دیتے ہوئے کمشنر سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو علاقے میں بینک برانچ اور اے ٹی ایم کھولنے کی ہدایات جاری کیں ۔انہیں علاقے میں صحت کی معیاری سہولیات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ۔ مندیپ کور نے عوام کی طرف سے اٹھائے گئے ہر مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا اور حکام کو ہدایت دی کہ وہ ہر مطالبہ پر کم سے کم وقت میں مناسب کارروائی کریں ۔