عوامی مسائل کے ازالہ کیلئے فعال لائحہ عمل مرتب: ایل جی

 شوپیاں//لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے کہا کہ حکومت نے تمام انتظامی سطحوں پر عوامی مسائل کے ازالہ کیلئے اور عوام کی عملی شرکت سے تیز تر ترقیاتی سرگرمیوں کیلئے ایک فعال لائحہ عمل مرتب کیا ہے ۔شوپیاں دورہ کے دوران لیفٹیننٹ گورنر سے 17  عوامی وفود ملے اور اُن کی مانگوں اور مسائل کا جائزہ لیا ۔ اس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے 44.72 کروڑ روپے مالیت کے 9 ترقیاتی پروجیکٹوں کا ای افتتاح کیا اور 48.77 کروڑ روپے کی مالیت کے 4 پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ وفود کے ارکان کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی حکومت یکساں ترقی اور وسائل کے مناسب تقسیم کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تیز تر ترقی کا عمل شروع کیا گیا ہے اور عوامی اہمیت کے حامل کئی نئے پروجیکٹوں پر کام شروع کیا گیا ہے ۔ جو وفود ایل جی سے ملے اُن میں پنچائتی راج اداروں کے نمائندے ، میوہ اُگانے والی انجمن ، کولڈ سٹور یونٹ ہولڈر ، گگرن یونٹ ہولڈر ، ٹریڈز ایسوسی ایشن ، سول سوسائیٹی ، نان مائیگرنٹ کشمیری پنڈت ، رضا کار تنظیمیں ، مختلف دیہاتوں کے لوگ ، کھیل کود و نوجوان انجمنیں ، این وائی سی ، گُجر بکروال طبقہ اور پہاڑی زبان بولنے والے وفود شامل ہیں ۔ انہوں نے پنچائتی راج اداروں کو بااختیار بنانے اور ان کے ارکان کیلئے معقول حفاظتی انتظامات ، طبی بنیادی ڈھانچے کی توسیع ، آبپاشی سہولیات ، بجلی اور پانی کی ترسیل ، شوپیاں میں زنانہ ڈگری کالج کے قیام ، کم شرح سود پر کسانوں کو قرضہ کی فراہمی ، سڑک رابطہ سہولیات کو مستحکم بنانے ، شوپیاں قصبہ کی ترقی ، گرلز ہوسٹل کی فوری تکمیل ، جامع مسجد کی دیدہ زیبی، کھیل کود کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع اور کووڈ 19 لاک ڈاؤن کے سبب کاریگروں کو ہوئے نقصانات کی تلافی کیلئے خصوصی ریلیف پیکج کی مانگیں پیش کیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ حکومت لوگوں تک پہنچنے کیلئے جامع اقدامات اٹھا رہی ہے اور اُن کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے اور اُن کے مسائل کا ازالہ کرنے کیلئے ایک فعال عوامی خدمت فراہمی لایحہ عمل مرتب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے لوگوں کو ترقیاتی عمل میں عملی طور شرکت کرنے کیلئے کہا۔ سابق ایم ایل سی ظفر اقبال منہاس نے شاداب ، کریوا دیہات کیلئے سڑک رابطہ سہولت اور موجود سڑکوں پر  میکڈم بچھانے اوردیگر ترقیاتی کاموں سے متعلق مانگیں پیش کیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے متعلقہ حکام کو ان کاموں کو دو ماہ کی مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ لفٹینٹ گورنر نے ضلع کے مذہبی رہنماؤں کو کووڈ 19 وباء سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق جانکاری دینے کیلئے کہا ۔