عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں

 بڈگام//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے منگل کوڈاک بنگلہ بڈگام میں ایک عوامی دربار منعقد کیا جہاں کئی وفود نے اپنے مسائل اور مطالبات مشیر موصوف کو پیش کئے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سید سحرش اصغر ، ایس ایس پی بڈگام تیجندر سنگھ،چیف انجینئر آر اینڈ بی سمیع عارف، چیف انجینئرپی ایچ ای عبدالواحد ، اے ڈی ڈی سی بڈگام خورشید احمد ثنائی ، جوائنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن عابد حسین قِرہ و دیگر ضلع افسران نے عوامی دربار میں حصہ لیا۔ا س موقعہ پر وفود نے بجلی کے ریسونگ سٹیشنوں کا درجہ بڑھانے ، بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی میں بہتر ی لانے ، کھیل میدانوں کو ترقی دینے ،انڈو ر سٹیڈیم ، فروٹ منڈیاں ، کولڈ سٹوریج سہولیات قائم کرنے ، سکولوں کا درجہ بڑھانے ، سڑکوں پر میکڈم بچھانے اور ترقیاتی رقومات میں اضافہ کرنے جیسے مطالبات پیش کئے۔مشیر موصوف نے لوگوں کی شکایات کو بغورسنا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر لوگوں کے مسائل حل کریں۔انہوں نے متعلقین سے کہا کہ ترقیاتی اور عوامی اہمیت کے حامل پروجیکٹوں میں سرعت لانے کے اقدامات کریں۔ضلع ہسپتال بڈگام کو منتقل کرنے سے متعلق ایک وفد کے مطالبے کا جواب دیتے ہوئے مشیر موصوف نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع ہسپتال بڈگام کو نئی مجوزہ سائٹ پر منتقل کرنے کا عمل شروع کریںجہاں اس مقصد کے لئے لگ بھگ 100کنال اراضی دستیاب رکھی گئی ہے۔قصبوں سے گزرنے والے پانی کے ذخائر کی بہتر دیکھ بال پر زور دیتے ہوئے مشیر موصوف نے افسران پر زور دیا کہ وہ چاڈورہ قصبے میں باقاعدہ ویسٹ منیجمنٹ نظام قائم کریں۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ بڈگام میں مانو اُردو یونیورسٹی قائم کرنے کے سلسلے میں حکومت نے وزارت انسانی وسائل کی ترقی کے محکمہ کے ساتھ یہ معاملہ اُٹھایا ہے۔بڈگام ڈیولپمنٹ فورم کے ایک وفد نے ہمہامہ بڈگام سڑک کی کشادگی کا مطالبہ کیا۔ وفد نے محرم کے سلسلے میں رقومات میں اضافہ کرنے ، انڈور سٹیڈیم کی تعمیر ، ضلع ہسپتال بڈگام کے لئے نئی عمارت اور جی ڈی سی بڈگام تک لڑکیوں کے بس سروس کا مطالبہ کیا۔چرار شریف قصبے سے آئے ہوئے ایک وفد نے قصبے میں جاری کئی ترقیاتی پروجیکٹوں میں سرعت لانے کا مطالبہ کیا۔وفد نے کسانوں کے لئے بڈگام میں فروٹ منڈی کو باضابطہ قائم کرنے اور کولڈ سٹوریج کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ بڈگام کے ایک وفد نے بڈگام اور سرینگر کے درمیان سومو سروس چلانے کا بھی مطالبہ کیا۔ بار ایسو سی ایشن چاڈورہ ، نیشنل کانفرنس کے ورکروں ، مائیگرنٹ پنڈت طبقے کے ممبران ، جے اینڈ کے بینک خدمت سینٹر ایسوسی ایشن ، علمدار ویلفیئر سوسائٹی چاڈورہ ، بے روزگار ایسوسی ایشن ، ٹپر ڈرائیورس ایسو سی ایشن ،رِنگ روڑ ایسو سی ایشن ، چاڈورہ ، چرارشریف ، خانصاحب ، بیروہ اور بڈگام کے کئی اور وفود نے مشیر موصوف سے ملاقات کی۔طلاب او رنوجوانوں کے وفود بھی مشیر موصوف سے ملے اور اپنے اپنے علاقوں میں کھیل کود کی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔مشیر موصوف نے تمام وفود کو یقین دلایا کہ حکومت ان کی شکایات کو دور کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرے گی۔