عوامی رسائی پروگرام | 6مرکز ی وزراء کے دورۂ جموں کشمیر کا پروگرام طے

سرینگر//آوٹ ریچ پروگرام ( عوامی رسائی پروگرام )کے سلسلے میں مزید6مرکزی وزراء 27اور 28ستمبر کوجموں کشمیر کے دورے پر آرہے ہیں۔ان میں نتن گڈکری، مختار عباس نقوی، گری راج سنگھ کے علاوہ دیگر وزراء شامل ہیں۔ وہ رنگ روڑ اور دیگر تین قومی شاہراہوں کا افتتاح کرنے کے علاوہ زوجیلا موڑ ٹنل پر جاری کام کا جائزہ لیں گے ۔ مرکزی وزراء کو مرکزی حکومت نے ستمبر-اکتوبر میں پبلک آؤٹ ریچ پروگرام -2 کے حصے کے طور پر جموں و کشمیر کے دورے کے لیے نامزد کیاجو یہاں دورہ کر کے مختلف عوامی پروگراموں میں حصہ لیں گے ۔ مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ اور نیشنل ہائی وزیر نتن گڈکری 27 اور 28 ستمبر کو کشمیر کا دورہ کریں گے جس کے دوران وہ تین نیشنل ہائی ویز اور سرینگررنگ روڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے نیززوجیلا موڑ ٹنل کا معائنہ بھی کریں گے۔ گڈکری 27 ستمبر کو مختلف قومی شاہراہوں کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔گڈکری بارہمولہ-گلمرگ شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس میں موجودہ کیریج وے کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔ اس کی کل لمبائی 43 کلومیٹر ہے اور اسے85کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا جائیگا۔ اس سے سیاحوں کے لئے گلمرگ جانے کے لیے ہائی وے کی سواری کا معیار بہتر ہوگا۔وہ ضلع اننت ناگ میں وائلو ڈونی پاوا شاہراہ کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے جس میں 28 کلومیٹر لمبائی والی سڑک کی تعمیر اور اپ گریڈیشن بھی شامل ہے۔ اس پر 158کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔یہ کوکرناگ اور وائلو کو رابطہ فراہم کرے گا۔مرکزی وزیر اننت ناگ میں ڈونی پاوا اشاجی پورہ سڑک کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے جو سرینگر جموں قومی شاہراہ سے ملے گی۔اس میں نئے بائی پاس کی تعمیر شامل ہے۔ پروجیکٹ کی کل لمبائی 8.5 کلومیٹر ہے اور اسے 57  کروڑروپے کی لاگت سے تیار کیا جائیگا۔گڈکری سرینگر کے ارد گرد (42 کلومیٹر) 4 لین رنگ روڈ کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر گری راج سنگھ 2 اور 3 اکتوبر کو کٹھوعہ ضلع کا دورہ کریں گے جبکہ اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی 7 اور 8 اکتوبر کو ضلع بڈگام میں ہوں گے۔58 وزراء کے شیڈول کا پہلے ہی اعلان کیا جا چکا ہے جبکہ اب چھ وزراء کے دورے کو حتمی شکل دی گئی جس سے کل تعداد 66 ہو گئی۔ 70 مرکزی وزراء آٹھ ہفتوں کے طویل عوامی آؤٹ ریچ II کے دوران جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے۔ چھبیس وزراء نے 18-24 جنوری 2020 تک پبلک آؤٹ ریچ  مرحلہ ون کے دوران جموں و کشمیر کا دورہ کیا۔وزیر مملکت برائے تعلیم انپورنا دیوی 21 اور 22 اکتوبر کو ضلع اننت ناگ کا دورہ کریں گی ، اشونی کمار چوبے ، وزیر مملکت برائے صارفین امور ، خوراک اور عوامی تقسیم ، ماحولیات ، جنگل اور موسمیاتی تبدیلی 21 سے 23 اکتوبر تک رام بن ضلع میں ہوں گے۔ جبکہ پرلاد سنگھ پٹیل ، ریاستی وزیر جل شکتی 26 اور 27 اکتوبر کو ریاسی ضلع کا دورہ کریں گے۔