عوامی اتحاد پارٹی کی بہتر سیاسی متبادل:انجینئر

بانڈی پورہ//عوامی اتحاد پارٹی کو روایتی مین سٹریم سیاسی پارٹیوں کے ایک موثر متبادل کے بطور لینے کی لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے سیاستدانوں سے بھی سنجیدہ ہوکر ’’کچھ تو استقلال و اخلاقیات‘‘کا مظاہرہ کرنے کیلئے کہا ہے۔بانڈی پورہ کے کئی زی وقار شخصیات کی عوامی اتحاد پارٹی میں شمولیت سے متعلق منعقدہ تقریب پر بولتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا کہ جہاں جموں کشمیر میں مین اسٹریم کی علاقائی جماعتوں کی اعتباریت پر پہلے ہی کئی سوال موجود ہیں وہیں سیاستدانوں کی طرف سے وفاداریاں بدلنے کے سلسلہ سے ان لوگوں کے ارادوں اور اعتبار کو پر مزید سوال اٹھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے گذشتہ پچیس سال میںنئی دلی کیلئے ربڑ کی مہریں بن کر مسئلہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوششوں کے سوا کچھ بھی نہیں کیا ہے اور اب جب موقعہ پرست سیاستدان تیزی سے وفاداریاں بدل رہے ہیں عام لوگوں کا مین اسٹریم کی سیاست پر سے بچاکھچا بھروسہ بھی اٹھ رہا ہے۔انجینئر رشید نے لوگوں سے روایتی موقعہ پرست سیاستدانوں کو رد کرکے عوامی اتحاد پارٹی کو مضبوط کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ موقعہ پرستوں پر مخلص اور دانشمندانہ آوازوں اور اشخاص کو ترجیح دیکر کشمیریوں کے مسائل کے حل کی سبیل کی جاسکتی ہے۔اس موقعہ پر پارٹی کے سینئر لیڈر پرنس پرویز نے بھی خطاب کیا ۔