عمر پر 3 سالہ پابندی سخت ، فیصلہ کو چیلنج کریں گے :کامران

 لاہور /پاکستان کے بلے باز کامران اکمل نے اپنے چھوٹے بھائی عمر اکمل پر تین سالہ پابندی کو سخت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے ۔  ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اپنے چھوٹے بھائی عمر اکمل پر 3 سالہ پابندی پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسے بہت سخت سزا سنائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسی ہی خلاف ورزی پر کم سزاؤں کی مثالیں موجود ہیں لیکن سمجھ سے باہر ہے کہ عمر اکمل کو کیوں اتنی سخت سزا سنائی گئی۔انہوں نے کہا کہ عمر اکمل اسپاٹ فکسنگ کی پیش کش کی اطلاع نہ دینے پر ان پر عائد تین سالہ پابندی کو یقینی طور پر چیلنج کریں گے ۔کامران اکمل نے کہا کہ انصاف کیلئے ہر پلیٹ فارم پر جائیں گے اور اپیل کا حق ضرور استعمال کریں گے جس کیلئے تفصیلی فیصلے کے منتظر ہیں۔ خیال رہے کہ پی سی بی نے میچ فکسکنگ کی پیشکش سے متعلق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس میں ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل پر 3 سال کے لیے ہر طرح کی کرکٹ کھیلنے کی پابندی عائد کردی ہے ۔ 20 فروری کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت عمر اکمل کو فوری طور پر معطل کر دیا تھا اور اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔ اس معطلی کی وجہ سے عمر اکمل پاکستان سپر لیگ 5 میں بھی حصہ نہیں لے سکے تھے ۔ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل حسین رضوی نے انکشاف کیا ہے کہ عمر اکمل کو الزامات پر وضاحتیں دینے پر زیادہ سزا ہوئی کیونکہ انہوں نے اس بات کا اعتراف کرلیا کہ وہ متعلقہ حکام کو بروقت مطلع نہیں کر سکے لیکن انضباطی پینل کے روبرو مسلسل وضاحتیں پیش کرنے کے باعث انہیں زیادہ سزا کا سامنا کرنا پڑا۔تفضل رضوی کے مطابق جج نے عمر اکمل کو کئی بار موقع دیا لیکن وہ وضاحتیں پیش کرتے رہے ورنہ اس سے قبل محمد عرفان اور محمد نواز نے الزامات تسلیم کر لئے تھے ۔فکسنگ کیس میں بطور ملزم پیشی پر بھی عمراکمل کی اکڑ برقرار رہی۔انھوں نے این سی اے کے اسٹاف کو جسم کا ٹمپریچر چیک کرانے سے گریز کیا۔وہ کرکٹ فیلڈ میں کم تنازعات میں زیادہ ایکشن میں نظر آئے ۔آسٹریلیا میں بھائی کامران اکمل کی جگہ وکٹ کیپنگ سے انکار، ٹریفک وارڈن سے جھگڑے ،ورلڈکپ 2015ء میں ڈسپلن کی خلاف وزری،ڈانس پارٹی میں شرکت، ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے محاذ آرائی اور ٹرینر کے سامنے نازیبا حرکت سمیت کئی معاملات سرانجام دیے ۔عمر نے آخری مرتبہ اکتوبر 2019 میں سری لنکا کے خلاف ہوم ٹی 20 سیریز کے دوران ملک کی نمائندگی کی تھی ۔ 16 ٹیسٹ ، 121 ون ڈے اور 84 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بلے باز کے کھاتے میں بالترتیب 1003 ، 3194 اور 1690 رنز ہیں ۔یو این آئی