عمر قید کی سزا پانے والے پانچ مجرموں کی باقی ماندہ سزا معاف

عظمیٰ نیوزسروس

جموں//جموں و کشمیر حکومت نے ایک اہم فیصلہ کے تحت عمر قید کی سز ا پانے والے پانچ مجرموں کی باقی ماندہ مدت کو معاف کر دیا ہے۔جموں کشمیر انتظامیہ نے ایک اہم اقدام کے تحت عمر قید کے پانچ مجرموں کی باقی ماندہ مدت کو معاف کر دیا ہے ۔ اس ضمن میں جاری ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے ان پانچ قیدیوں کی باقی ماندہ مدت کی معافی کا حکم دیا ہے جنہیں عدالتوں نے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے محمد یوسف شاہ (جموں)، دیس راج (جموں)، سریش کمار (ریاسی)، ترسیم لال (جموں) اور محمد بشیر (پونچھ)کی سز ا معاف کر دی ہے ۔ یہ معافی 18 جولائی 2024 کو سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل میں دی گئی۔محمد یوسف شاہ کے معاملہ میں اس کے بمقابلہ ریاست جموں و کشمیر یوٹی حکومت کے وکیل نے سپریم کورٹ کے سامنے پیش کیا کہ ریاست نے پہلے ہی ان کی قید کی مدت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی قبل از وقت رہائی کی سفارش کی ہے۔