سرینگر//نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے حلقہ انتخاب بیروہ میں حالیہ برفباری کے بعد لازمی خدمات بحال نہ ہونے پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ لوگوں کی راحت رسانی کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ انتخاب کے 80فیصد علاقوں میں ابھی بھی بجلی اور پینے کے پانی کی سپلائی بحال نہیں ہوپائی ہے ، جس کی وجہ سے سردیوں کے ایام میں آبادی کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے تاکید کی کہ بجلی اور پینے کے پانی کی مکمل سپلائی بحال کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ حلقہ انتخاب کے بیشتر علاقوں کی سڑکوں اور رابطہ سڑکوں سے ابھی تک برف نہیں ہٹائی گئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں خصوصاً مریضوں کا عبور و مرور مشکل بن گیا ہے۔