ممبئی/چنئی سپر کنگ کو تیسری بار آئی پی ایل کا خطاب دلوانے والے مہندر سنگھ دھونی نے حریف ٹیموں میں نوجوان اور زیادہ چست و فٹ کھلاڑیوں کی موجودگی کے باوجود اپنے تجربہ کار عمر دراز چہروں پر بھروسہ جتایا اور چمپئن بننے کے بعد کہا کہ ان کے لیے عمر محض ایک ہندسہ ہے اور یہ کامیابی کے لیے کوئی پیمانہ نہیں ہو سکتی۔چنئی سپرکنگس نے ممبئی کے وانکھیڑے میدان پر سنرائزرس حیدرآباد کو آٹھ وکٹ سے شکست دے کر تیسری بار انڈین پریمیئر لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ کا چمپئن بنا دیا۔چنئی کی ٹیم کیلئے خطابی مقابلے میں اس کے تجربہ کار 36 سال کے آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن مین آف دی میچ بنے جنہوں نے 11 چوکوں اور آٹھ چھکوں سے سجی ناٹ آؤٹ 117 رنز کی میچ فاتح طوفانی اننگز کھیلی۔ٹیم کی جیت میں کپتان اور وکٹ کیپر 36 سال کے دھونی کا اہم کردار ہے جو کیریئر کے آخری پڑاؤ پر ہیں اور ہندستانی ٹیم میں کپتانی کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کو بھی چھوڑ چکے ہیں۔