اسلام آباد//پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 3 یا 4 اپریل کو ہونے کا امکان ہے ۔یہ اطلاع پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید نے ہفتہ کو دی۔یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر رشید نے کہا کہ اپوزیشن نے مسٹر عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لا کر ان (مسٹر عمران خان) کی مدد کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے مسٹر عمران کی شہرت میں اضافہ ہوا ہے ۔جمعہ کو قومی اسمبلی کی کارروائی اپوزیشن کی جانب سے عمران خان کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کو ایوان کے فلور پر رکھے بغیر ملتوی کر دی گئی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 27 مارچ کو تحریک انصاف کا تاریخی جلسہ ہے، پاکستان بھر سے قافلے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں، پی ٹی آئی کی ریلیوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، میں 10 لاکھ افراد تو نہیں لا سکتا لیکن دعویٰ کرتا ہوں کہ میرا شہر عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے، راولپنڈی سے ریلی سب سے بڑی ریلی ہوگی، اس شہر کے باسی غداری کو نہیں وفاداری کو دیکھتے ہیں، ہمیں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ آ رہا ہے بسیں کم پڑ رہی ہیں، اگر ضرورت پڑی تو صبح پیدل نکل پڑیں گے۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ دھرنے کی کسی جماعت کو اجازت نہیں ہے، اپوزیشن والوں سے کہہ رہا ہوں ٹکراو سے گریز کریں، اگر دھرنا دیا گیا تو ہم ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کریں گے، اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون ان کو ہاتھ میں لے گا، اور دھرنے والوں کو دھر لیا جائے گا، سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، ساری دنیا کی نظریں پاکستان کی جانب مبذول ہیں، ملک میں غیر یقینی کی صورتحال سے دشمن فائدہ اٹھا سکتا ہے، میں بتا نہیں سکتا کہ ملک دشمنوں کا ایجنڈا کیا تھا، ہماری کوشش ہے کہ یہ 7 دن خوش اسلوبی سے گزریں۔
عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 4 اپریل کو ممکن
