عمران خان کی روسی صدر سے ملاقات

ماسکو//روس کے دو روزہ دورے پر موجود وزیر اعظم عمران خان کی روس کے صدر ولادمیر پیوٹن سے ملاقات جاری ہے۔ وزیراعظم عمران روسی صدر سے ملاقات کے دوران بین الاقوامی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات بالخصوص توانائی کے شعبے میں تعاون پر بھی بات چیت کریں گے۔دوران ملاقات اسلاموفوبیا اور افغانستان کی صورتحال سے متعلق امور بھی زیر بحث آسکتے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے ماسکو میں دوسری جنگ عظیم میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے گمنام فوجیوں کے مقبرے پر پھولوں کی چادر چڑھائی تھی۔دوسری جانب وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے یوکرین روس کشیدگی کے دوران وزیر اعظم کے دورہ مختصر ہونے سے متعلق ’قیاس آرائیوں‘ کو مسترد کردیا تھا۔وزیراعظم عمران خان کل دو روزہ سرکاری دورے پر ماسکو پہنچے تھے جہاں روس کے نائب وزیر خارجہ ایگور مورگلوف نے ان کا استقبال کیااور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔