اسلام آباد//یو این آئی// پاکستان کی قومی اسمبلی میں سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ہفتہ کو ووٹنگ ہوگی۔قومی اسمبلی کی جانب سے جمعہ کو ایوان میں بحث کے لیے جاری کیے گئے چھ نکاتی ایجنڈے میں تحریک عدم اعتماد پر بحث چوتھے نمبر پر ہے ۔جیو نیوز کی خبر کے مطابق سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کو تحلیل کرنے کے حکومتی فیصلے اور قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیے جانے کے ایک روز بعد قومی اسمبلی بحال کرنے کی ہدایت دی۔سپریم کورٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے ہفتہ کی صبح 10.30 بجے اجلاس بلانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے کہا کہ اسمبلی ہمیشہ سے فعال ہے اور رہے گی۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی حکم دیا کہ ا سپیکر اسمبلی کو معطل نہیں کر سکتاخواہ تحریک عدم اعتماد مسترد ہویا منظور ہو اور نیا وزیراعظم منتخب ہو جائے ۔سپریم کورٹ نے یہ بھی حکم دیا کہ کسی بھی رکن کو ووٹنگ میں حصہ لینے سے نہیں روکا جائے گا اور اگر تحریک عدم اعتماد مسترد ہو جاتی ہے تو حکومت پہلے کی طرح اپنا کام دوبارہ شروع کر دے گی۔